وحدت نیوز(گنداواہ)یوم القدس کے موقع پر مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے بلوچستان کے ضلع جھل مگسی کی تحصیل گنداواہ میں مجلس وحدت مسلمین، شیعہ علماء کونسل، مجلس علماء اہلبیت اور معرفت فاؤنڈیشن کی جانب سے مشترکہ ریلی و احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی اور مظلوم فسلطینی عوام پر جاری ظلم و ستم کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا سہیل اکبر شیرازی، شیعہ علماء کونسل کے ضلعی صدر مولانا غلام مصطفٰی عابدی، معرفت فاؤنڈیشن کے جنرل سیکرٹری مولانا سعید احمد سعیدی، مجلس مکتب علماء اہلبیت کے ضلعی صدر مولانا علی نواز، مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری روابط سید گلزار شاہ، سید زاہد شاہ حسینی و دیگر نے خصوصی شرکت کی۔
مظاہرہ سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ بلوچستان کے جنرل سیکرٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہبر کبیر آیت العظمیٰ امام خمینی رح نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے نام سے موسوم کیا۔ اس دن کو فلسطینی عوام کی حمایت اور ان کے حقوق کی یاد دہانی کے لئے منایا جاتا ہے۔ تاکہ دنیا کو یہ یاد دلایا جا سکے کہ القدس نہ صرف مسلمانوں کے لئے، بلکہ تمام انسانیت کے لئے ایک مقدس مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ القدس وہ سرزمین ہے جہاں انبیاء علیہ السلام نے انسانیت کو امن، انصاف اور محبت کا درس دیا۔ یوم القدس صرف ایک دن نہیں، بلکہ یہ ظالم کے خلاف مظلوم کی حمایت کا اعلان ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم فلسطینی عوام کے حق میں اپنی آواز بلند کریں اور ان کے حقوق کی بحالی کے لئے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین کے مظلوم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے درد، دکھ اور قربانیاں صرف ان کی نہیں ہیں، بلکہ یہ ہم سب کے دلوں کو جھنجھوڑ رہی ہیں۔ ہم ان معصوم بچوں کی آہیں سن رہے ہیں۔ ان ماؤں کے آنسو دیکھ رہے ہیں اور ان جوانوں کی قربانیوں کو سلام پیش کر رہے ہیں جو اپنے وطن کی آزادی کے لئے صف اول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم القدس کی آزادی کے لئے اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ اس مقدس سرزمین پر ہونے والے مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔ انہوں نے تمام عالم اسلام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اختلافات کو بھلا کر اتحاد کا مظاہرہ کریں اور القدس کی آزادی کے لئے ایک صف میں کھڑے ہوں۔ القدس کا دفاع ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہم سب کو یہ یاد رکھنی چاہئے کہ جب تک القدس آزاد نہیں ہوگا، ہماری روحیں بے چین رہیں گی۔