وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنمااور رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا نے کہا ہے کہ صحت اللہ تعالٰی کی طرف سے بہت بڑی نعمت ہے اور ہم سب کو اس کیلئے اللہ کا شکر ادا کرنا چائیے، کیونکہ ایک بیمار انسان کیلئے زندگی کافی مشکل ہوتی ہے اور وہ زندگی سے اس طرح سے لطف اندوز نہیں ہوتا ہے، جس طرح سے ایک صحت مند انسان اللہ تعالٰی کی نعمتوں سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ اس لئے یہ ہم سب کا فرض ہے کہ اپنے ارد گرد موجود مریضوں کا خیال رکھیں اور ان کی مدد کریں۔ اسی لئے ایم پی اے فنڈز میں میڈیکل کی مد میں مختص فنڈ کو غریب مریضوں تک ہر ممکن طریقے سے شفاف طور پر پہچانے کی کوشش کی ہے۔ تاکہ دل، گردے اور کینسر جیسے خطرناک امراض میں مبتلا مریض جن کے علاج پر لاکھوں روپے کا خرچ آتا ہے، اپنا علاج بہتر انداز میں کراسکیں۔ اس کے علاوہ ایسی بے شمار بیماریاں جن کے علاج کیلئے زیادہ پیسے خرچ ہوتے ہیں، ایسے مریضوں کو علاج کیلئے مالی امداد فراہم کی گئی ہے، تاکہ اُن کا علاج بہتر طریقے سے ہوسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے اور ہم اس پر مکمل یقین رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اسی لئے ہم نے میڈیکل اور اسپورٹس کی مد میں لاکھوں روپے جاری کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے اُس میں اسپورٹس کا ہونا لازمی ہے، تاکہ نوجوان نسل اپنی صلاحیتوں کا مثبت استعمال کرتے ہوئے اسپورٹس کے شعبے میں ترقی کرکے ملک و قوم کا نام روشن کرسکے۔ اس کے علاوہ معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک رکھنے کیلئے بھی اسپورٹس کے شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اسی لئے ہم نے اسپورٹس کے مختلف شعبوں فٹ بال، کرکٹ، کراٹے، کنگفو، ہائیکنگ اور دوسرے کھیلوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے امدادی چیک تقسیم کیئے ہیں، تاکہ یہ کھلاڑی معاشرے اور ملک کے ایک کار آمد شہری کے طور پر سامنے آکر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔