وحدت نیوز(پشاور) بحرین میں آل سعود اور آل خلیفہ کی جانب سے آیت اللہ سیستانی کے نمائندے الشیخ حسن نجاتی کو ملک بدر کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل علامہ سید سبطین حسینی کا کہنا تھا کہ بحرین کے مظلوم اور ستم رسیدہ عوام گزشتہ کافی عرصہ سے آل سعود اور آل خلیفہ کی بربریت کا شکا ر ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے بحرین کے عوام کے بنیادی انسانی حقوق کو غصب کرتے ہوئے انہیں ظلم کی چکی میں پیسا جارہا ہے۔ بربریت کی تازہ مثال جس میں حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے نمائندے الشیخ حسن نجاتی، کہ جو درحقیقت علم و فقاہت کے نمائندے ہیں۔ ہدایت اور روشنی کے اس نمائندے کو آل خلیفہ و سعود نے ملک بدر کیا۔ اس اقدام کا مقصد بحرینی عوام کو علم و فقاہت کی روشنی سے دور کرنا ہے۔ آج کی مہذب دنیا بحرینی عوام کے خلاف ہونے والی ظلم و ستم پر سراپا احتجاج ہے۔ پاکستان اور دنیا بھر میں اس ظلم و ناانصافی کے خلاف آوازیں اٹھائی جارہی ہیں۔ پاکستان عوام بحرینی عوام کے ساتھ ہیں وہ دن دور نہیں جب آل خلیفہ اور آل سعود کی ظلم و جنایت پر مبنی حکومت کا خاتمہ ہوگا اور بحرینی عوام سکھ کا سانس لیں گے۔