وحدت نیوز(ہری پور) گزشتہ ماہ یوم القدس کے روزمجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور پاکستان بیت المال کے ڈپٹی ڈائریکٹر نیئر عباس جعفری پر دہشت گردوں کی جانب سے ہری پور شہر میں قاتلانہ حملہ کیا گیا۔ جس میں وہ بال بال بچ گئے، بہتر اور بروقت علاج معالجے سے ان کی جان بچ گئی، تاہم ضلع ہری پور کی پولیس انتظامیہ نے اس واقع کو سنجیدہ نہیں لیا، زبانی جمع خرچ کے لئے اہل علاقہ کے ساتھ ایک میٹنگ بلائی گئی، جس میں حملہ آوروں کی گرفتاری کے لئے وقت مانگا گیا۔ تاہم کئی ہفتے گزرنے کے بعد بھی تاحال کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی، یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے ضلعی خطیب امامیہ مسجد اور ایم ڈبلیوایم کے صوبائی رہنما علامہ وحید عباس کاظمی کو بارہا دھمکی آمیز پیغامات بھیجے جا چکے ہیں، تاہم تاحال ڈسٹرکٹ خطیب امامیہ مسجد علامہ وحید عباس کاظمی کو کسی قسم کی سیکیورٹی مہیا نہیں کی گئی۔ پولیس جس کی اولین ذمہ داری شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے، اپنے فرائض کی انجام دہی میں بری طرح ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہے، جس کے باعث اہلیان علاقہ میں عدم تحفظ کا احساس ہر گزرتے دن کے ساتھ زور پکڑ رہا ہے۔