وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات سید عدیل عباس شاہ نے کہا ہے کہ پشاور میں فرقہ پرست دہشتگردوں کیخلاف آپریشن شروع ہونے تک امن قائم نہیں ہوسکتا، عوام کا تحفظ پی ٹی آئی حکومت کا فرض ہے، جو ذمہ داران ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو بے نقاب نہیں کرسکتے انہیں عوامی ٹیکس سے تنخواہیں وصول کرنے کا بھی حق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے شہید سراج حسین کے خانوادے سے تعزیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء ارشاد حسین بنگش اور ناصر علی جعفری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ عدیل عباس شاہ کا کہنا تھا کہ پشاور کو بھی ڈیرہ اسماعیل کی طرز پر اہل تشیع کیلئے قتل گاہ بنایا جارہا ہے، حیرت کی بات ہے کہ آئے روز بے گناہ شہریوں کو شہید کیا جاتا ہے اور حکومت و انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی، عوام کو تحفظ فراہم کرنے والے ادارے یکسر ناکام نظر آرہے ہیں، یہ ادارے یا تو اس قدر نااہل ہیں کہ ٹارگٹ کلرز کو اب تک بے نقاب نہیں کرسکے، یا پھر سب کچھ جانتے ہوئے بھی حقائق سے چشم پوشی اختیار کر رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین جلد ٹارگٹ کلنگ کے اس اہم مسئلہ پر پشاور کے اہل تشیع عمائدین اور تنظیموں کیساتھ مشاورت کے بعد اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔