وحدت نیوز (پشاور) جامعہ شہید عارف الحسینی میں21 جون 2013ء کوہونے والے خودکش دھماکے کے ایک اور زخمی دلدار حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے، شہید دلدار حسین کی وصیت کے مطابق ان کو آبائی گاوں صدارہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کالونی رینگ روڈ پشاور کے رہائشی دلدار حسین مدرسہ جامعہ شہید عارف حسین الحسینی میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں شدید زخمی ہوگئے تھے، گذشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ان کے کئی آپریشن ہوئے، تاہم موت اور زندگی کی کشمکش میں رہنے کے بعد گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے منصب شہادت پر فائز ہوگئے۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ ارشاد علی نے دلدار حسین کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیڑھ سال سے زیادہ کا عرصہ گذر جانے کے باوجود مدرسہ شہید عارف حسین میں دھماکے کے ذمہ داروں کو گرفتار نہیں کیا گیا، اور نہ ہی کوئی تحقیقات ہوئیں، جس سے حکومت کی بے حسی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مدرسہ عارف حسین الحسینی دھماکے میں ملوث عناصر کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے۔