وحدت نیوز ( پشاور) پشاور کے چرچ میں خودکش حملوں کے باعث زخمی ہونے والے درجنوں مرد، خواتین اور بچے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیر علاج ہیں، مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے بزرگ عالم دین علامہ خورشید انور جوادی کے ہمراہ زخمیوں کی عیادت کی۔ ایم ڈبلیو ایم کے وفد میں صوبائی سیکرٹری اطلاعات ایس اے زیدی، صوبائی آفس مسول ارشاد حسین بنگش، ضلع پشاور کے قائمقام سیکرٹری جنرل منصور الحسن اور ضلعی میڈیا سیکرٹری عدنان عباس شامل تھے۔ اس موقع پر علامہ خورشید انور جوادی نے دھماکوں پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانیت کے دشمن ہیں، مسیحی برادری پر ڈھائے جانے والے اس ظلم پر ہر پاکستانی غمگین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اپنی پالیسیاں تبدیل کرے اور عوام کو تحفظ فراہم کرے۔ دہشتگردوں کیلئے ہر پاکستانی کے دل سے صرف بدعائیں ہی نکل رہی ہیں۔