وحدت نیوز (پشاور) المناک اور درد ناک سانحہ منیٰ کے حوالہ سے سعودی عرب کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، ہزاروں حاجیوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، حادثہ حاجیوں کی بدنظمی کی وجہ سے نہیں بلکہ حکام کی مجرمانہ غفلت کے باعث پیش آیا، حجاج کرام کی ہزاروں ناشناختہ لاشیں کنٹینروں میں بند کر دی گئی ہیں۔ لواحقین کو کسی قسم کی معلومات نہیں دی جارہی۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء پاکستان سندھ کے جنرل سیکرٹری علامہ سید عقیل انجم قادری نے ٹیکسلا میں مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سبطین حسینی سے ملاقات کے دوران کیا۔ دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق ظاہر کیا کہ اسلام کی سربلندی کے لئے اتحاد امت اشد ضروری ہے، اپنے اپنے حلقوں میں شدت پسندی کی بجائے، محبت کو فروغ دیا جائے۔