دہشتگردوں کیخلاف آپریشن نہ ہوا تو حکومتی ایوانوں کا گھیراو کرینگے، علامہ خورشید جوادی

29 جولائی 2013

pc kpk pcrوحدت نیوز (پشاور) معروف عالم دین علامہ خورشید انور جوادی نے کہا کہ اگر دہشتگردوں کیخلاف آپریشن شروع نہ ہوا تو مرکزی قائدین کی ہدایات کے مطابق حکومت کیخلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے اور حکومتی ایوانوں کا گھیراؤ کریں گے۔ ہم دہشتگردی سے مرعوب ہونے والے نہیں، خیبر پختونخوا میں بھی یوم القدس بھرپور جوش و خروش کیساتھ منایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے قائمقام سیکرٹری جنرل علامہ سید عامر حیدر شمسی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 ان کا کہنا تھا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق سانحہ پارا چنار میں 57 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہیں، اس المناک واقعہ کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اور قوم سے اظہار تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ملک گیر احتجاج اور تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعلان کے مطابق ہم بھی صوبائی سطح پر 3روزہ سوگ اور صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ان واقعات سے واضح ہوگیا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت نے آتے ہی ان دہشتگردوں سے مذاکرات کا راگ الپنا شروع کردیا جس کی وجہ سے ان واقعات میں تیزی آگئی ہے اور واضح ہوگیا ہے کہ دہشتگردوں کی ملک بھر میں رٹ قائم چکی ہے، وہ جب اور جہاں چاہتے ہیں معصوم انسانوں کو نشانہ بنا ڈالتے ہیں لیکن حکومت اور ادارے انہیں روکنے میں مکمل ناکام ہوگئے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ہم آپ صحافی حضرات کی زحمتوں اور محنتوں کو سراہتے ہیں، تاہم جس طرح نجی ٹی وی چینلز کی انتظامیہ نے پارا چنار جیسے اتنے بڑے سانحہ کو نظر انداز کیا وہ قوم کیلئے انتہائی تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کافی دیر تک ایم کیو ایم اور ن لیگ کے رہنماوں کی کراچی میں ہونیوالی ملاقات کو لائیو کوریج دی گئی جبکہ اتنے بڑے سانحہ کو جس طرح نظر انداز کیا گیا وہ آپ صحافی برادران کے سامنے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت وقت پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش نہ کی جائے، کبھی کوئٹہ میں دھماکے کرکے انسانی جانوں کا خون بہاجارہا ہے تو کبھی پشاور اور پارا چنار میں معصوم روزہ داروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی۔ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پاراچنار، کوئٹہ، کراچی ، پشاور اور ملک کے دیگر علاقوں میں ان دہشتگردوں کے خلاف سوات طرز کا آپریشن کیا جائے، بصورت دیگر ہم مرکزی قائدین کی ہدایات کے مطابق حکومت کیخلاف ملک گیر تحریک چلائیں گے اور حکومتی ایوانوں کا گھراؤ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پارا چنار دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کی کثیر تعداد اب بھی پارا چنار میں موجود ہے اور وہاں اسپتال میں بھی جگہ کم پڑ گئی ہے، صوبائی حکمران فوری طور پر شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کرے۔ اور انہیں فوری اور بہترین طبی امداد مہیا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کیساتھ سانحہ جامعہ عارف حسین الحسینی کے متاثرین جیسا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اس عظیم سانحہ کے باوجود ہم جمعتہ المبارک کو ملک بھر کی طرح بھرپور انداز میں منائیں گے، اور احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں ہوں گی۔ اس کے علاوہ شام میں بی بی زینب (س) کے روضہ مبارک پر حملہ کیخلاف بھی احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آخر میں یہ کہوں گا کہ ہمیں اندیشہ ہے کہ دہشتگرد انیس اور اکیس رمضان المبارک کے جلوسوں کو نشان بنا سکتے ہیں لٰہذ ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبہ بھر میں ان جلوسوں کی سیکورٹی فوج سے کرائی جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جلوسوں کو سیکورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree