وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے کہا ہے کہ 8 ستمبر کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والا دفاع وطن کنونشن وطن عزیز کو مسائل کی دلدل سے نکالنے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں کل منعقد ہونے والے دفاع وطن کنونشن سے متعلق ’’اسلام ٹائمز‘‘ کیساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاع وطن کنونشن میں ملک کے مختلف صوبوں کیساتھ صوبہ خیبر پختونخوا سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔ تمام اضلاع میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، اورکزئی اور پارا چنار سے کئی گاڑیوں پر مشتمل قافلے کل اعلی الصبح اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ اور شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی (رح) کی رواح سے تجدید عہد کریں گے۔ جبکہ نوشہرہ، مردان، ٹانک اور چارسدہ سے بھی عوام کی شرکت ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبہ کی مختلف اہم شیعہ شخصیات اور علمائے کرام کو کنونشن میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ اور انشاء اللہ خیبر پختونخوا کی دیگر ملی تنظیموں کے رہنماء بھی کنونشن میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاع وطن کنونشن میں مرکزی قائدین کی جانب سے آئندہ کا لائحہ عمل جاری کیا جائے گا اور پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فارمولہ پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے شہید قائد (رح) کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے، ہم کسی صورت بھی اپنے ان مساعد حالات پر خاموش نہیں بیٹھ سکتے، پاکستان ہماری مادر وطن ہے، اپنی مادر وطن کو ان مسائل سے نکالنے کیلئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔