وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ لاہور میں رہنماوُں اور علمائے کرام نے پرہجوم پریس کانفرنس کی، جس میں علامہ سید حسین نجفی سربراہ مدارس جعفریہ پاکستان اور رہنما ایم ڈبلیوایم ، علامہ محمد اقبال کامرانی، علامہ امتیاز کاظمی، علامہ ملک مظہر، علامہ حسنین عارف، علامہ ناظم رضا عترتی، علامہ حسن ہمدانی، سید اسد عباس نقوی، رائے ناصر علی، رانا ماجد علی، شیخ عمران علی اور آغا نقی مہدی شریک ہوئے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور مدارس جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ سید حسین نجفی نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے شہید قائد کی ستائیسویں برسی کل اسلام آباد میں بھرپور طریقہ سے منائی جائے گی، جس میں ملک بھر سے ہزاروں افراد شرکت کریں گے۔ برسی میں شرکت کے لئے ابھی سے محبان اہلبیت کا دارالحکومت پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ لاہور سے درجنوں بسوں پر مشتمل قافلے آج اس اہم کانفرنس اور برسی میں شرکت کے لئے روانہ ہون گے، اس دن کو منانے کا مقصد جہاں شہید عارف حسینی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، وہیں ان کی سوچ، فکر اور ان کے فلسفہ کو زندہ رکھنا بھی ہے۔