وحدت نیوز(لاہور) حکومت گلو کریسی کے ذریعے ملک میں تصادم چاہتی ہے مگر یہ حکومت یاد رکھے کہ وہ جلد گھر جانے والی ہے۔مجلس وحدت مسلمین ،سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک کا مشترکہ احتجاجی مظاہرہ سب کے سامنے ہے ہم مل کر جدوجہد کر رہے ہیںاب حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں بہت جلد عوام خوشخبری سنے گی۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی راہنما علامہ سید حسن رضا ہمدانی نے لاہور پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے لاکھوں شرکاء پر عزم ہیں اگر انہیں کئی ہفتے بھی کیوں نہ بیٹھنا پڑے وہ تبدیلی لائے بغیر گھروں کو واپس نہیں لوٹیں گے۔سید حسن رضا ہمدانی نے کہا کہ شاہراہ قراقرم گذشتہ چار دن سے بند ہے اسی طرح سکردو یاد گار چوک پر ہزاروں مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان دھرنا دیے بیٹھے ہیں پنجاب کے 37اضلاع ہمارے رابطے میں ہیں اور وہ منتظر ہیں کہ کب اور کس وقت تیسرے مرحلے کا باقاعدہ اعلان ہوتا ہے اور پنجاب بھر کی شاہراوں اور چوکوں کو عوامی سمندر سے جام کر دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ اپوزیشن کا کردار ادا کرے اور اپوزیشن کو اپنا قبلہ درس کر نا ہوگا ہم مارشل لاء کے حق میں نہیں ہیں جمہوریت پسند ہیں لیکن حکمران ملک کو مارشل لاء کی طرف دھکیل رہے ہیں احتجاجی مظاہرے سے سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک کے راہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔مطاہرے میں مجلس وحدت مسلمین،سنی اتحاد کونسل اور عوامی تحریک کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔اور لبیک یا حسین اورگو نواز گو کے نعرے لگائے ۔