وحدت نیوز (راولپنڈی) ملک کے دیگر شہروں کی طرح راولپنڈی میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام عزاداری کو محدود کرنے اور مقررین کو حراساں کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ راولپنڈی پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے جن پر پنجاب حکومت کے اقدامات کی مذمت کی گئی تھی۔ مظاہرین سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماوں مولانا سید ساجد شیرازی، مولانا ظہیر سبزواری اور مولانا طاہر نقوی کا کہنا تھا کہ ہم کسی صورت عزداری کیخلاف کوئی سازش قبول نہیں کریں گے، عزاداری ہماری شہ رگ حیات ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا، نیشنل ایکشن پلان کی آڑ میں پرامن لوگوں کو تنگ کیا جارہا ہے جس کا آرمی چیف جنرل راحیل شریف نوٹس لیں۔ دنیا جانتی ہے کہ ہم نے ہزاروں افراد اس مادر وطن کی خاطر قربان کیے ہیں لیکن چند مٹھی بھر دہشتگردوں کو خوش کرنے کیلئے پنجاب حکومت پرامن لوگوں کو تنگ کررہی ہے۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو مہلت دیتے ہیں کہ وہ اپنے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آئے اور گرفتار مقررین کو فی الفور رہا کیا جائے، اگر حکومت کی جانب سے کارروائیاں جاری رہیں تو آئندہ کا لائحہ عمل بنانے میں آزاد ہوں گے، اُس وقت حکومت سے کوئی تعاون نہیں ہوگا۔ اس موقع پر پنجاب حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔