وحدت نیوز(لاہور) موجودہ حکمرانوں کاعوامی غیض و غضب سے بچنا ممکن نہیں رہا عوام نے فیصلہ دے دیا ہے کہ موجودہ حکمرانوں کا پاکستان میں اقتدار پر قابض رہنا غیر آئینی اور غیر جمہوری ہے، جوڈیشل کمیشن کی سانحہ ماڈل ٹاوُن پر رپورٹ منظر عام پرآنے کے بعد شہباز شریف سمیت سانحہ ماڈل ٹاوُن کے تمام ذمہ دار افراد خود کو قانون کے حوالے کردیں ،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے صوبائی کابینہ اور ضلعی سیکرٹری جنرلز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ کے شرکاء پر عزم ہیں اور مجلس وحدت مسلمین کے کارکنان نے اس انقلاب مارچ میں ریکارڈ شرکت کر کے اپنا عہد وفا نبھایا ہے اور انشااللہ مقصد کے حصول تک عوامی آئینی اور قانونی جدو جہد جاری رکھیں گے ،علامہ اسدی نے ضلعی سیکرٹری جنرلز خصوصا راولپنڈی اسلام آباد کے ذمہ داروں کو تاکید کی کہ وہ شرکائے انقلاب مارچ کے لئے ہر ممکن انتظامات کو یقینی بنائیں خواتین بچوں کے لئے میڈیکل سہولیات سمیت دیگر لوازمات برقت پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔
علامہ اسدی نے وحدت یوتھ اور وحدت سکاوٹس کے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح سات روز منہاج القرآن میں محصور انقلاب مارچ کے شرکاء کی مدد کی اور لاہور سے اسلام آباد تک جس جان فشانی سے قافلوں کو منظم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا اسی طرح اسلام آباد میں موجود انقلاب مارچ کے شرکاء کی مدد کے لئے بھی اپنا کلیدی کردار ادا کریں اجلاس میں سیکرٹری جنرلز سے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہر اضلاع کے ورکرز قائدین کے آخری احکامات ملنے تک اسلام آباد میں موجود رہیں گے۔