وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین راولپنڈی کے ضلعی جنرل سیکریٹری علامہ سید ساجد شیرازی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ کے نام پر بجلی کی مسلسل بندش نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ چھ ماہ میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا دعوی کرنے والی حکومت توانائی کے بحران پر قابو پانے پر مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ پچاس ارب روپے ایک میٹرو پروجیکٹ پر خرچ کرنے کی بجائے بجلی میں اضافے کے منصوبے پر خرچ کیے جاتے تو آج ہمیں اس اذیت کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔اس ملک کے لوگوں کو پُرآسائش سفر کی بجائے بنیادی سہولتوں کی زیادہ ضرورت ہے۔ پانی بجلی اور گیس کی جیسی سہولیات کی عدم دستیابی عوام کے دلوں میں حکومت کے خلاف نفرت کا باعث بن رہی ہے۔ سحری و افطاری کے اوقات میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے حکومتی اعلان پر بھی بجا طور پر عمل درآمد نہیں ہورہا۔انہوں نے کہا حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ماہ رمضان میں روزہ داروں کی سہولت کے لیے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کیا جائے تا کہ اس ماہ مقدس میں عبادات کے دوران پیدا ہونے والے خلل کو دور کیا جا سکے۔