وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملتان کے قائمقام سیکرٹری جنرل محمد عباس صدیقی نے کہا ہے کہ امریکہ'اسرائیل اور بھارت پاکستان میں شدت پسندوں کو پرموٹ کرتا ہے، حکمرانوں کی انتہاپسندی پر ایکشن کی بجائے خاموشی ملک کے مستقبل پر بھی بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، پاکستان کو بیرونی سے زیادہ اندرونی امن دشمن قوتوں سے خطرات لاحق ہو چکے ہیں، باقاعدہ منصوبہ بندی اور سازش کے تحت پاکستان میں بھی داعش جیسی عالمی دہشت گرد تنظیم بھی اپنی جڑیں پھیلا رہی ہے، ملک میں اتحاد ویکجہتی کے ذریعے ہی امن اور پاکستان دشمن قوتوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ہفتے کے روز چہلم امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے منعقدہ تنظیمی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے شوری نگران کے سربراہ علامہ قاضی نادر علوی نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور انڈیا نے ہمیشہ پاکستان میں شدت پسندوں کو پرموٹ کیا ہے اور یہ تینوں ملک پاکستان میں امن نہیں چاہتے اور دنیا میں اسلام کے خوبصورت چہرے کو انتہا پسندی کے ذریعے داغدار کرنا ان کا مشن ہے لیکن ہم اتحاد ویکجہتی کے ذریعے انکی تمام سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام مکاتب فکر کے علماء تکفیریت کو بے نقاب کریں اور سادہ لوح مسلمانوں کو ان کے چنگل سے آزاد کرانے میں اپنا کردار ادا کریں اور سب کو کافر اور خود کا مسلمان کہنے والے قاتل اور دہشت گردوں کو جہاد اور اسلام کانام بدنام کر نے سے روکیں۔ اجلاس میں ملتان، شجاع آباد، جلالپورپیروالا کے تنظیمی عہدیداروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس وحدت مسلمین کا وفد جلد مقامی انتظامیہ سے ملاقات کر کے مسائل سے آگاہ کرے گا۔