وحدت نیوز(اسلام آ باد) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل عبد الخالق اسدی نے اسلام آباد کے حساس علاقے سے فوجی وردیاں اور اسلحہ سمیت دو دہشت گردوں کی گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہارکیا ہے۔ میڈیا کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں دہشت گرد لال مسجد کے سابق مقتول خطیب مولوی عبد الرشید کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ گرفتاری کے بعدان مدارس کی شناخت واضح ہو چکی ہے جہاں پاکستان اور افواج پاک کے خلاف زہریلا نصاب پڑھایا جاتا ہے اور نوجوانوں کو گمراہ کر کے ملک کے خلاف عسکری تربیت دی جاتی ہے۔ ملک دشمن ایجنڈے کی تکمیل کے لیے اسلام کے نام پر جو قوتوں سرگرم ہیں سیکورٹی اداروں کو ان کے خلاف فوری کاورائی کرنا ہوگی۔دہشت گردوں کے ان سہولت کاروں پر ہاتھ ڈالنے میں تاخیر دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کے مطلوبہ نتائج کو متاثر کر سکتی ہے۔انہوں نے کہ گرفتار شدگان سے دوران تفتیش ملنے والی معلومات سے میڈیا اور قوم کا بھی آگاہ کیا جانا چاہیے تاکہ محب وطن افراد اور ملک دشمن عناصر میں فرق واضح ہو سکے۔چند روز قبل تاجی کھوکھر کے اڈے سے بھی رینجرز نے مشتبہ افراد سمیت جدید اسلحہ اور فوجی سازو سامان برآمد کیا ۔اسلام آبا د جیسے شہر میں ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث افراد کی آزادانہ نقل و حرکت دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے اسلام آباد انتظامیہ نے جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں اس طرح کے تشویش کن حالات فوج کی نگرانی میں ایک بھرپور آپریشن کا تقاضہ کر رہے ہیں تاکہ ملک دشمن عناصر کو ٹھکانے لگایا جا سکے۔