وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کےدوران ملک کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن نہیں ہے اور حکومت ملک کو تباہ و برباد کرنے پر تلی ہوئی ہے۔علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک ٹوٹنے کی باتیں ہو رہی ہیں اور یہاں ایک خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے، ملک کو جان بوجھ کر تباہ کیا جا رہا ہے اور اس کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ حکمران بھی اس آگ سے نہیں بچ سکیں گے، وہ بھی اسی گڑھے میں گریں گے، دنیا کے قاتلوں کی تاریخ پڑھ لیں، ظالموں کا انجام ہمیشہ برا ہوتا ہے۔علامہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ خداوند کو ظلم پسند نہیں، کسی کو اس کا حق نہ دینا ظلم کے مترادف ہے، ملک کا پورا سسٹم ظالمانہ ہے اور ہمارا سامنا ان ہی ظالموں سے ہے جو عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہم کبھی میدان نہیں چھوڑیں گے۔سربراہ مجلس وحدت مسلمین کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہی ملک کی نجات کا ذریعہ ہیں، وہی ناکامی کے سامنے دیوار کھڑی کر سکتے ہیں، عوام کا ان چوروں اور ڈاکوؤں پر کوئی اعتماد نہیں رہا، ہم ملک بچائیں گے اور ان نااہل حکمرانوں کے شکنجے سے ملک کو نکالیں گے۔آخر میں علامہ ناصر عباس نے پُرعزم لہجے میں کہا کہ ایک دن آئے گا جب ان کے ہاتھ ٹوٹ جائیں گے اور ملک کے حقیقی وارث عوام اپنے حقوق حاصل کریں گے۔