وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے زیر اہتمام انبیائے کرام، اہلیبیت اطہار علیھم السلام، دختر رسول خداحضرت بی بی فاطمتہ الزہرا س، ازدواج مطہرات اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالٰی عنہ کے مزارات کو منہدم کرنے کے تاریخی دن کی مناسبت سے نیشنل پریس کلب کے سامنے مطالباتی احتجاج کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں افراد کی شرکت، شرکاء نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، احتجاج میں شریک افراد مزارات مقدسہ کی ازسرنو تعمیر کا مطالبہ کر رہے تھے۔
مطالباتی احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید زاہد کاظمی نے کہا کہ آج کا ہمارا یہ احتجاج اور مظاہرہ یہودیوں کے خلاف نہیں بلکہ سعودی عرب کے متعلق ہے، کس قدر شرم کی بات ہے کہ خانوادہ رسول اکرم ص کی قبور مقدسہ کو دو مرتبہ پامال کیا گیا، دختر رسول خدا ص، امام حسن مجتبیٰ ع، امام جعفر صادق ع، امام محمد باقر ع، امہاتُ المومینین رض آور اصحاب رسول رض کے مزارات کو مسمار کیا گیا، ہم سعودی عرب کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان تاریخی مقامات کو فوری طور پر تعمیر کرے اور مسلمانوں میں پایا جانے والے ہیجانی کیفیت ختم ہو۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ عزاداری ونگ کے مرکزی صدر ملک اقرار حسین علوی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقدس اور برگزیدہ ہستیوں کے مزارات مقدسہ کو منہدم کرنا صریحاً غلط اقدام تھا، اس وقت پاکستان میں سعودی عرب کے وزیر خارجہ کی سربراہی میں آئے ہوئے وفد سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان مقامات مقدسہ کو دوبارہ تعمیر کروائے، آج کا یہ احتجاج اس غیر اسلامی اور بے حرمتی پر مبنی آل سعود کے اقدام کی پرزور مذمت کرتا ہے۔
مولانا شریف نفیس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن دنیا کے گوشے گوشے میں بسنے والے محبان محمد و آل محمد ع سراپا احتجاج ہیں، انکے دلوں میں یہ خلش ہے کہ روضوں کی بے حرمتی کرتے ہوئے پامالی کی گئی، یہاں پر آنے والے تمام کلمہ گو مسلمان یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت سفارتی سطح پر اس مسئلے کو حل کروائے اور ازسرنو مقامات مقدسہ کی تعمیر میں موثر اور عملی اقدام میں کردار ادا کرے۔ضلعی صدر مجلس وحدت اسلام آباد اسداللہ چیمہ نے کہا کہ مقدس ہستیوں کے مزارات روشنی اور سائے سے محروم ہیں ہمارے دل رنج و الم میں مبتلا ہیں لہذا سعودی حکومت اس مسئلے کو حل کرے اور مسلمانوں کے درمیان وحدت و یگانگت کے فروغ کو یقینی بنائے۔