علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی شہادت کے موقع پرامام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ کی خدمت میں تعزیت و تسلیت

04 ستمبر 2023

وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ولایت و امامت کے آٹھویں تاجدار حضرت امام علی ابن موسیٰ الرضا علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر حجت دوراں حضرت امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف،مقام معظم رہبری اور تمام محبان محمد و آل محمد علیہم السلام کی خدمت میں تعزیت و تسلیت عرض کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ خراسان مولا رضا علیہ السلام عطوفت و محبت اور تواضع و انکساری کا پیکر تھے، آپ علم و معرفت کا بحرِ بیکراں تھے جس سے تشنگان حق وصداقت سیراب ہوتے اور جہل و نادانی کی ظلمتوں سے نجات پاتے تھے، فکری و اعتقادی مباحث میں امام رضا علیہ السلام نے بڑا قیمتی کردار ادا کیا ہے، آپ کا زمانہ علمی و ثقافتی سرگرمیوں کے اعتبار سے ایک آزاد فضاء کا حامی تھا، لوگ اپنے عقائد و نظریات بیان کرنے میں بالکل بے باک تھے، لہذا اس وقت اسلامی حقائق و معارف سے آشنا مسلمان دانشوروں کی ذمہ داریاں بہت بڑھی ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے وارث اہلبیت علیہ السلام کے نمایاں ترین فرد اور ملت اسلامیہ کے پیشوا کی حیثیت سے امام رضا علیہ السلام نے اس وقت قرآنی معارف کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا، آپ کا روز شہادت ہم سب اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ اپنی زندگیوں کو ویسے ڈھالیں جیسے خدا و رسول اور اہلبیت علیہم السلام کو پسند ہو، ہمیں اس راہ پر گامزن رہنے کا اعادہ کرنا چاہیے کہ جس راہ کی ان برگزیدہ ہستیوں نے تعلیم دی ہے اور جس راہ پر انہوں نے اپنی زندگیوں کو قربان کر دیا ہے، تا کہ دنیا و آخرت دونوں میں کامیاب ہو سکیں۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree