مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا انبیاءکرامؑ و آئمہ اطہارؑ کا شعار ہے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

09 اگست 2022

وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ باطل قوتوں کے خلاف نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؑ کا قیام جرات و استقامت کا وہ باب ہے جسے تاقیامت یاد رکھا جائے گا۔ روز عاشورا کے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حق وباطل کے اس معرکے میں امام عالی مقامؑ نے گنے چنے افراد کے ساتھ میدان میں نکل کر عالم بشریت کو یہ درس دیا کہ افرادی قوت یا جنگی سازو سامان کی کمی ظالم حکمرانوں کے خلاف خاموش رہنے کا جواز نہیں بن سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی دنیا میں حق و باطل کے دو گروہ موجود ہیں، مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا انبیاءکرامؑ و آئمہ اطہارؑ کا شعار ہے، ہم نے مظلوم کا ساتھ دینا ہے، مستکبرین و غاصبین کے مقابلے میں ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہونا ہی اخلاقی و شرعی تقاضا اور بشری ضرورت ہے جو جیو اور جینے دو کی پالیسی پر گامزن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو مظلوم و بے گناہ لوگوں سے ان کی زندگیاں چھین رہے ہیں ہم نے ان کا مقابلہ کرنا ہے اور ان کا ساتھ دینے والوں کے خلاف آواز بلند کرنی ہے، یہی لوگ وقت کے یزید ہیں، امام حسین علیہ السلام کے یہ الفاظ کہ مجھ جیسا اس (یزید) جیسے کی بیعت نہیں کر سکتا تمام حق پرستوں کے لئے قیامت تک کا درس ہے، خود کو صرف حسینی کہنے سے حق ادا نہیں ہوگا بلکہ امام عالی مقامؑ کے کردار و عمل کی پیروی کرکے خود کو حسینی ثابت کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت امت مسلمہ کے اتحاد و اخوت کا ہے، مسلمانوں میں تفرقے کی بات یہود و نصاریٰ کے اسلام دشمن عزائم کو تقویت دینے کے مترادف ہے، مسلمانوں کے تمام مکاتب فکر تاریخی و علمی اختلافات پر الجھنے کی بجائے مشترکات پر باہم رہیں تاکہ باطل قوتوں کو ناکام بنایا جاسکے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree