وحدت نیوز(شکارپور)چک سٹی میں 67 ویں سالانہ مجلس عزا بسلسلہ واپسی قافلہ سادات اسیران شام سے خطاب اور ایم ڈبلیو ایم شکار پور کے کیمپ میں دوستوں سے گفتگو کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ آل رسول نے دین اسلام کی بقاء اور سربلندی کے لئے جو بے مثال قربانی دی وہ عالم انسانیت کے لئے سر مشق ہے حق و صداقت کی راہ میں قربانی دینا اھل حق کا شیوہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ اتحاد امت اور اخوت اسلامی کا مہینہ ہے رہبر کبیر بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ھفتہ وحدت کا اعلان کر کے اسلام دشمن سامراجی قوتوں کی تفرقہ بازی پر مبنی تمام تر سازشوں کو خاک میں ملا دیا۔ اھل سنت ہمارے بھائی ہیں اور ہمارے سر کا تاج ہیں ہم سب مل کر عشق رسول اور اتباع رسول کا عہد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک دفعہ پھر کالعدم دہشت گرد تنظیمیں ایکٹو ہو رہی ہیں اور وطن کا امن خطرے میں ہے اسی ہزار شہداء کے پاکیزہ خون کے نتیجے میں جو امن قائم ہوا اسے سبوتاژ کرنے کے لئے داعش اور لشکر جھنگوی کے دہشت گرد ایک دفعہ پھر سرگرم ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے سر عام جلسوں کو حکومت اور اداروں کی سرپرستی حاصل ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ مین شاھراہ پر تکفیری عناصر نے وال چاکنگ کرکے انتہائی شرانگیز اقدام کیا حکومت کالعدم تنظیم کی شرانگیزی کو روکے۔