وحدت نیوز(مشہد مقدس) سالار وحدت ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کا دفتر مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس کا دورہ. سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین شعبہ مشہد مقدس حجتہ الاسلام عقیل حسین خان نے اور اراکین کابینہ نے سالار وحدت کا استقبال کیا اور دفتر تشریف لانے پر شکریہ ادا کیا۔9جولائی 2021 بمطابق 27 ذوالقعدہ 1442 ھ کو دفتر مجلس وحدت مسلمین پاکستان وموسسہ شہید عارف الحسینی شعبہ مشہد مقدس میں ایک خصوصی نشست ہوئی۔
نشست کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا جس کی سعادت محمد جواد رضا خان نے حاصل کی۔برادر ذاکر علی اسدی بلتستانی نے منقبت پیش کرکے خوب داد و تحسین وصول کی. شاعر اہلبیت جناب شمس جعفری نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کو مسحور کیا۔مہمان خصوصی ناصر ملت سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے خطاب میں طلاب کرام کو وقت کی اہمیت پر نصیحت فرمائی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں کے موضوع پر مفصل گفتگو فرمائی۔ انکا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی مستضعفین کی آواز بن کر ابھرا. انقلاب کا نعرہ تھا نہ شرقیہ نہ غربیہ، انقلاب نے یہ درس کربلا سے حاصل کیا. آپ نے کہا کہ امریکہ اور انکے اتحادی اس انقلاب کو ختم کرنے پہ تلے ہوئے ہیں. یقینا اس دور میں انقلاب کا آگے بڑھنا معجزہ سے کم نہیں اس انقلاب کے لئے بہت سے عظیم شخصیات نے اپنا خون دیا وہ اگر اس دور میں ہوتے تو یقینا عظیم رہبران میں سے ہوتے۔امریکی لابی نہ صرف ایران بلکہ شام لیبیا عراق کو بھی تقسیم کرنا چاہتا ہے. آج اگر یہ سب اسکے شر سے بچے ہوئے ہیں تو یہ اس الہی قیادت کی برکت سے ہے۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان کا محل وقوع بہت ہی اہمیت کا حامل ہے. امریکا اور اسکے حواری پاکستان میں حالات خراب کرنے کی بھر پور کوشش کر رہےہیں اور اگر خدا نخواستہ پاکستان میں حالات خراب ہوتےہیں تو پورے ریجن میں اسکے برے اثرات پڑیں گے اور ہم پاکستان کا درد رکھنے والوں کے ساتھ مل کر دشمن کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔علامہ جعفری نے افغانستان کی صورتحال پہ گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر افغانستان میں حالات مزید خراب ہوتے ہیں تو پڑوسی ممالک پر اسکے بہت برے اثرات پڑیں گے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانیوں کو اختلافات بھلا کر متحد ہونے کی ضروت ہے اور مجلس وحدت مسلمین تمام سیاسی اور مذہبی پارٹیوں سے رابطے میں ہے اور ان شاءاللہ دشمن کے ناپاک عزائم وحدت کے ذریعے خاک میں مل جائینگے،پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب برادر مظاہر منتظری نے انجام دئیے۔