وحدت نیوز(ٹیکسلا) القائم کمپلیکس ٹیکسلا میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ خیرالعمل فاؤنڈیشن کے مسؤل اور ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود نثار فیضی، علامہ امیر حسین جعفری، مولاناسبطین حسینی، مولانا مہدی شیرازی، مولانا تجمل حسینی، ناظم جعفریہ یوتھ ٹیکسلا اعجاز نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں نثار فیضی کا کہنا تھا کہ خیرالعمل کے تحت فلاح بہبود کا کا م زور و شور سے جاری ہے۔ خیبر پختون خوا میں زیادہ کام ڈی آئی خان اور پارا چنار میں ہوا۔
نثار فیضی کا کہنا تھا کہ پاراچنار میں خیر العمل کے تحت دو مساجد مکمل ہو چکی ہیں۔ ڈی آئی خان میں دو کروڑ کا امدادی سامان دیا جا چکا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہی تیس گھروں پر مشتمل ہاؤسنگ کالونی مکمل ہو چکی ہے۔ ایتام کی کفالت کے سلسلہ میں چھ سو بچوں کی نگہداشت کے لئے خطیر رقوم خرچ کی جارہی ہیں۔ ڈی آئی خان، لیہ، جھنگ میں سیلاب زدگان کے لئے ہاؤسنگ کالونیاں تعمیر کی جارہی ہیں۔ مسجد کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود کا کہنا تھا کہ فکر خمینی کے مطابق مسجد کو علوی معاشرہ میں مرکزکی اہمیت حاصل ہے۔ حضرت علی علیہ السلام اپنی حکومت کا نظام و نسق مسجد کوفہ سے ہی چلایا کرتے تھے۔