وحدت نیوز(اسلام آباد) چوہدری نثارعلی خان ملکی تاریخ کے نااہل ترین وزیر داخلہ ہیں ،نواز لیگ نے پاکستان کو دہشت گردوں کے رحم و کرم ہر چھوڑ دیا ہے ، سانحہ مستونگ میں بے گناہ خواتین ، بچوں ، جوانوں اور بزرگوں کی شہادتوں پر دل خون کے آنسو رورہا ہے، مٹھی بھر تکفیری ٹولے کو پاکستان کے مظلوم عوا م کو یرغمال بنانے نہیں دیں گے، ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کو نسل کے چیئر میں صاحبزادہ حامد رضا نے سانحہ مستونگ کے خلاف اور خانوادہ شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے فیض آباد انٹر چینج پر احتجاجی دھرنے سے شرکائے سے خطاب اور علامہ امین شہیدی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے کیا ، اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے رہنما صاحبزادہ عمار سعید کاظمی، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اصغر عسکری، علامہ اسرار گیلانی اور دیگر بھی موجود تھے
،
علامہ امین شہیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں میڈیا کے نمائندگان سے خطاب کر تے ہو ئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ چوہدری نثار کو وزیر داخلہ نہیں مانتے۔ مستونگ میں بے گناہ زائرین پر ظلم کی انتہا کر دی گئی، ان کا کہنا تھا کہ آپریشن شروع نہ ہوا تو گھروں کو واپس نہیں جائینگے، سنی اتحاد کونسل مشکل کی اس گھڑی میں لواحقین شہداء اور مجلس وحدت مسلمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، جب تک مطالبات منظور نہیں ہو تے ہم بھی گھروں کو نہیں جائیں گے ، وفاقی حکومت کی ناقص حکمت عملی کے بعد پاک فوج دہشت گردوں کے خلاف اپنا کردار ادا کرے۔