وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ (تعلیم، تربیت، تبلیغات) علامہ اعجاز حسین بہشتی نے کہا ہے کہ فتنہ و فساد کا واحد حل اہل بیت (ع) کی نظر میں قرآن اور اہل بیت (ع) کا دامن تھامنے میں ہے، حدیث میں ہے کہ اگر رات کی تاریکی کی طرح فتنہ تمہیں ڈھانپ لے تو دامن قرآن کو پکڑنا جو تمہیں امن، اطمینان اور سکون کی زندگی فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ڈبلیو ایم کراچی کے تحت المحسن ہال میں منعقدہ تنظیمی و تربیتی ورکشاپ میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ اعجاز بہشتی نے تاکید کی کہ تنظیمی جوانوں کو بالخصوص اور تمام جوانوں کو بالعموم ماہ مبارک رمضان کی آمد کے ساتھ ساتھ اپنے عبادی، معنوی اور تلاوت قرآن کے پروگرامات کو مرتب کرنا چاہیئے، کم سے کم ماہ مبارک رمضان میں تین مرتبہ قرآن ختم کرنا ضروری قرار دیں، کیونکہ اس مہینے کی برکت سے ایک آیت کی تلاوت کل قرآن ختم کرنے کے برابر ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری امور فرہنگ کا کہنا تھا کہ حدیث میں ہے کہ جس گھر میں تلاوت قرآن ہو، اس گھر کی تین خصوصیات پائی جاتی ہیں، اول یہ کہ برکت نازل ہوتی ہے، دوئم یہ کہ فرشتے نازل ہوتے ہیں اور تیسری خصوصیت یہ ہے کہ شیطان اس گھر سے دور ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مجلس وحدت مسلمین کو الٰہی نظام اور خون شہداء کی پاسداری، مظلوموں کی حمایت، مستضعفین کی مدد اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کیلئے بنایا ہے، لیکن اگر تنظیم ان امور کی انجام دہی میں رکاوٹ بنے تو اس بت کو توڑنا ضروری ہوگا، ہمیں تنظیم پرستی کے بجائے دینی اہداف کو حاصل کرنے کے لئے مقدمہ کے طور پر تنظیم کو استعمال کرنا چاہیئے۔