وحدت نیوز(لاہور) اسرائیل نے غزہ پر حملہ کرکے ثابت کردیا ہے وہ ایک دہشتگرد ملک ہے جو جب چاہے کسی بھی وقت مظلوم فلسطینیوں پر حملہ آور ہوسکتا اور کوئی پوچھنے والا نہیں، کتنے افسوس کی بات ہے کہ ایک طرف سے مظلوم فلسطینیوں پر رمضان المبارک میں فضائی حملے جاری ہیں تو دوسری جانب امت مسلمہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے،او آئی سی مردہ گھوڑا بن چکی ہے، اب تک اسرائیلی حملوں میں درجنوں مرد،خواتین اور معصوم بچے شہید ہوچکے ہیں۔ عراق میں داعش کے تکفیری دہشت گرد بھی امریکی ، سعودی اور اسرائیلی ایماء پر بربریت پھیلا رہے ہیں ، جمعہ کو اسرائیل اور داعش کی بدترین جارحیت اوردہشت گردی کے خلاف یوم احتجاج منائیں گے اور اس حوالے سے بعد از نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی ، علامہ عبد الخالق اسدی،علامہ امتیاز کاظمی ،اسد عباس نقوی ، مظاہر شگری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان مظلوم فلسطینیوں پر مسلط کی جنگ پر عالمی سطح پر کردار ادا کرے،ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ داعش اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کا چہرہ کھل کر سامنے آگیا ہے کہ ان تنظیموں اور گروہوں کا جہاد فقط معصوم مسلمان ہیں، عراق و شام میں جاری ان گروہوں کی جنگ دراصل اسرائیل کے دفاع کی جنگ لڑی جارہی ہے، پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ ان دہشتگردوں کا نشانہ فقط مسلمان ہی بن رہے ہیں، اگر یہ حقیقی جہادی ہوتے تو آج اسرائیل کو غزہ پر حملہ کرنے کی جرات نہ ہوتی لیکن انہوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ ان کے اقدامات سے اسرائیل مضبوط ہوا ہے۔ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس کے طور پر منائیں گے اور ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور تاریخی اجتماعات کیے جائیں گے۔ نواز حکومت جعلی مینڈیٹ لیکر آئی ہے اسے حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں،طاہرالقادری کی مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے،جلد عوامی ضرب عضب نواز شریف کی جعلی حکومت کو اپنے منطقی انجام تک پہنچائے گا، ملک میں شیعہ سنی وحدت کے فروغ کیلئے کام کررہے ہیں، چند مٹھی بھر تکفیری ہیں جو ملک کے امن کو خراب کررہے ہیں، فوجی آپریشن ضرب عضب کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشتگردوں کے شہروں میں موجود نیٹ ورک کو بھی ختم کیا جائے اور ان دہشتگردوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنیوالوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ آئی ڈی پیز کی بحالی کیلئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔