وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ ویلفیئر خیرالعمل فاوُنڈیشن کے زیراہتمام شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کی 25 ویں برسی پر ایک سیمینار قومی مرکز شاہ جمال لاہور میں منعقد ہوا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاہور کے تمام یونٹوں کے اراکین اور لاہور بھر سے شہید قائد کے رفقا و عاشقان نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما علامہ سید مبارک علی موسوی نے کہا کہ پاکستان میں شیعہ سنی وحدت کا نعرہ شہید قائد نے اس وقت لگایا جب استعمار کا ایجنٹ ضیا الحق مذہبی منافرت پھیلا چکا تھا ، شہید قائد کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ہم آج بھی وحدت کا نعرہ لگا رہے ہیں اور اس راہ پر عملی طور پر عمل پیرا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کے پیچھے عالمی استعمار کی سازش ہے جو امت مسلمہ کو تقسیم در تقسیم کرنا چاہتی ہے ، شہید قائد کے پیروکار پاکستان میں ایسا ہر گز نہیں ہونے دیں گے۔مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ امتیاز کاظمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ شہید قائد کی آواز ہی ہے جس نے آج بھی ملت کو وحدت کی لڑی میں پرویا ہوا ہے ، ملت کے خادم بن کر علمائے حق اور جوانان شہید قائد کے مشن کو پورا کر کے رہیں گے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کے مرکزی سیکرٹری علامہ ابوزر مہدوی نے کہا کہ حکومتِ وقت نے امریکہ کے سامنے اپنے گھٹنے ٹیکے ہوئے ہیں، حکمران اپنی عیاشی کی خاطر ملی غیرت کا سودا کر چکے ہیں، ہماری جد وجہد پاکستان تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر کے مستضعفین کے لئے ہے، عالمی استعمار شام میں ، لبنان میں ،ہر جگہ ذلیل و رسوا ہو کر رہے گا۔ تقریب سے علامہ عبدالخالق اسدی، سید اسد عباس نقوی، سید مسرت کاظمی، نثار فیضی، سید اقبال رضوی اور علامہ اصغر عسکری نے بھی خطاب کیا۔