وحدت نیوز(اسلام آباد) جیو ٹی وی پر اہل بیت علیہم السلام کی شان میں گستاخی نے ملت اسلامیہ کے قلوب کو رنجیدہ کیا ہے، پیمرا اور وزارت اطلاعات ایسی قانون سازی کرے کے آئندہ کسی بھی چینل ، صحافی یا شوبز شخصیت کو اہل بیت علیہم السلام کی شان میں گستاخی کی جرائت نہ ہو، جیوٹی وی کی گستاخانہ حرکت پرکل بروز جمعہ ملک بھر یوم حرمت ناموس اہل بیت علیہم السلام منایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جیوٹی وی کے مارننگ شو میں مولائے کائنات علیہ السلام اور جناب سیدہ سلام اللہ علیہا کی شان اقدس میں ہونے والی گستاخی کے خلاف مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملت جعفریہ آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، لیکن اس آزادی کی آڑ میں کسی بھی چینل ، صحافی یا اداکار کو اس بات کی اجازت ہر گز نہیں دی جاسکتی کےوہ شان اقدس اہل بیت علیہم السلام اور اصحاب اجمعین رضوان اللہ تعالیٰ علیہ میں کسی قسم کی اہانت کا مرتکب ہو ، جیو ٹی وی اور جنگ گروپ با رہا اس قسم کی اہانت آمیز حرکات کا مرتکب ہو چکا ہے، صرف یہ ہی نہیں اس ادارے نے مقدسات اسلامی سمیت پاکستان کے قومی مقتدر اداروں کے خلاف بھی بارہا منفی رپورٹنگ کی اور بین الاقوامی سطح پر قومی اداروں خصوصاً پاک فوج کی بد نامی اور کردار کشی کی سازشوں میں مصروف رہا ہےاور کام کے عوض غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں سے فنڈز حاصل کرنے کے بھی ٹھوس شوائد ملے ہیں، مجلس وحدت مسلمین کل بروز جمعہ ملک بھر میں جیو ٹی وی کی گستاخی اہل بیت علیہم السلام کے خلاف یوم حرمت ناموس اہل بیت علیہم السلام منائے گی، نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔