وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امورخارجہ علامہ شفقت حسین شیرازی نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت مشرق وسطیٰ کے حالات کے بارے میں اپنی ماضی کی خارجہ پالیسی پر کاربند رہے اور امریکہ سمیت اسرائیلی ایجنڈے پر کاربند سعودی قیادت کی ایماء پر شام سمیت کسی بھی ملک میں مداخلت کی کوشش نہ کی جائے کیونکہ اس طرح کی مداخلت پاکستان کے لئے سنگین ثابت ہو گی۔سعودی عرب نے اپنی خیانتوں کے ذریعے امت مسلمہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے،پاکستانی فوج ملک بچانے کیلئے طالبان کے خلاف فی الفور آپریشن کرے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی آمد پر منعقدہ کارکنوں کی ایک تنظیمی و فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نشست کا انعقاد وحدت ہاؤس کراچی میں کیا گیا تھا جس میں شہر بھر سے سیکڑوں کارکنوں سمیت علمائے کرام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ شفقت حسین شیرازی کا کہنا تھا کہ امریکہ سمیت عرب حکمران چاہتے ہیں کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی محاذوں پر الجھا دیں اور پاکستان کو غیر مستحکم کر دیا جائے تا کہ پاکستان ہمیشہ ہمیشہ کے لئے عالمی استعماری قوتوں کا محتاج بن کر رہ جائے ، تاہم انہی ناپاک سازشوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے امریکی و صیہونی ایماء پر سعودی اور بحرینی بادشاہتیں سر گرم عمل ہیں اور چاہتی ہیں کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں لگائی جانے والی آگ میں دھکیل دیا جائے ۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے شام سمیت مشرق وسطیٰ کے کسی بھی ملک میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور حکومت کو واضح کرتے ہیں کہ امریکی و صیہونی اور عرب حکمرانوں کی ایماء پر ملک کو آگ میں جھونکنے کی کوششوں سے اجتناب کیا جائے ورنہ سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
علامہ شفقت حسین شیرازی نے واضح کیا کہ شام ایک ایسا ملک ہے کہ جس کے ساتھ پاکستان کے دوستانہ تعلقات رہے ہیں تاہم پاکستان حکومت کو کسی بھی دوسرے ملک کی ایماء پر شام اور بحرین کے معاملات میں دخل اندازی سے گریز کرنا چاہیئے،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ شفقت حسین شیرازی کاکہنا تھا کہ شام کے مسئلے میں صیہونی قوتیں امریکہ اور اسرائیل پاکستان کو جنگ و جدل کی دلدل میں پھنسانا چاہتے ہیں ، ایک طرف ملک کے اندرون خانہ عرب ممالک کے پروردہ اور صیہونی اسرائیل کے حامی طالبان دہشت گردو ں نے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے تو دوسری جانب سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک صہیونی غاصب ریاست اسرائیل کی ایماء پر پاکستا ن کو شام کی جنگ میں دھکیلنا چاہتے ہیں اور پاکستان کے کردار کو داغ دار کرنے کی گھناؤنی سازشیں کرر ہے ہیں۔