وحدت نیوز ( اسلام آباد)وفاقی حکومت عوامی ایشوز کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، مہنگائی کے سیلاب کو روکنے کے بجائے ایسے ایسے اقدامات کیے جارہے ہیں جن سے مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آچکا ہے اور اس کی زد میں فقط بے چارے غریب عوام ہیں،نواز حکومت کے100دن پورے ہونے کے باجوو مسائل جوں کے توں ہیں، نہ دہشتگردی پر قابو پایا جاسکا اور نہ ہی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جارہے ہیں، پوری قوم کو امید تھی کہ نوازشریف انہیں ریلیف دیں گے اور ملک سے کرپشن کا خاتمے سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے مگر ایسا نہ ہوسکا،عوام پر بیک وقت بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرکے حکومت نے آئی ایم ایف کا وفادار ہونے کا ثبوت دیاہے۔ کمر توڑ مہنگائی سے عوام پہلے ہی بے حال ہیں ، غریب عوام کا چولہابجھ رہا ہے تو لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ہم حکومت کو باور کرانے چاہتے ہیں کہ اس ملک میں آئی ایم ایف کا ایجنڈ ا نہیں چلنے دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وحدت سیکریٹریٹ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر تے ہو ئے کیا ، ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حکومتی ظالمانہ اقدام کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور بجلی کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہیں ۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں حکومتی اقدام کیخلاف ریلیاں اور مظاہرے کیے جائیں گے۔ یہ عوام کے ساتھ کیسا انصاف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تو کم ہورہی ہیں لیکن پاکستان میں عوام کو اس کا ریلیف دینے کے بجائے مذید قیمتوں میں اضافہ کرنے کی روائت برقرار رکھی جارہی ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ اس ظالمانی اقدام کو روکے اور اپنے فیصلے کو واپس لے ۔انہوں نے حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر حکومت اس فیصلے پر برقرار رہی تو دیگر جماعتوں کے ساتھ ملکر ایک بھرپور عوامی تحریک کا آغاز کریں گے، جس کے نتیجے میں حکومت کو عوام کے سامنے جوابدہ بنایا جائیگا اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا جائیگا۔ ہم یہ بھی واضح کردینا اگر یہ سوچا جارہا ہے کہ فقط ایک دو رروپے کم کرکے عوامی غصے کو ٹھنڈ ا کرلیا جائیگا تو یہ حکومت کی بھول ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پیٹرولیم اور بجلی کے نرخوں میں کیا گیا حالیہ اضافے کی مکمل واپسی کا مطالبہ کرتی ہے۔