وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کے اعلان کے مطابق کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں طالبان دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے بے گناہ شیعہ و سنی مسلمانوں کی ارواح سے تجدید عہد کیلئے آج بروز جمعہ کو یوم ایفائے شہدا کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ کراچی میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ آج پاکستان کی ملت میں جو بیداری کی لہر ہے، یہ سب شہداء کے پاک خون کی برکات کی بدولت ہے۔ لہذا ہمیں اپنے شہیدوں کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھنا ہے، تاکہ ہماری آئندہ نسلیں ان شہیدوں کے پیغام سے درس حاصل کریں اور معاشرہ کو کربلا کے حقیقی پیغام کی جانب راغب کرنے کیلئے اپنی کوششیں کرسکیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ شہداء کی یاد میں مجالس منعقد کریں گے اور شمعیں روشن کریں گے، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کا مرکزی پروگرام مزار قائد پر بعد نماز مغربین ہوگا، جس میں شہر بھر کے تمام کارکنان شریک ہونگے۔ تقریب میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ حسن ظفر نقوی، صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مختار امامی، سیکرٹری جنرل کراچی برادر حسن ہاشمی سمیت ماتمی انجمنیں، وحدت یوتھ کے کارکنان، سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کے رہنما خصوصی شرکت کریں گے۔