وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین کے شعبہ امور خارجہ نے دنیا بھر میں قائم اپنے دفاتر کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی مہم کا آغاز کردیا،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر شعبہ امور خارجہ کے سیکرٹری حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے دنیا بھر کے مختلف شہروں میں قائم دفاتر کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فورا اسلامی جمہوریہ ایران کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی مہم کا آغاز کریں جس میں میڈیا پر اشتہارات و کیمپس قائم کرکے عوام الناس سے ایران کے سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی درخواست کی جائے۔
ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ ایران اس وقت عالم اسلام کے اندر مزاحمت کے استعارے کے طور پر پہچانا جاتا ہے. سامراجی طاقتوں کی منفی تشہیر کیوجہ سے بین الاقوامی برادری بشمول مسلمان ممالک مصیبت کی اس گھڑی میں ایران کی مدد سے کترا رہے اور اس تباہ کن سیلاب پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ایسے میں امت مسلمہ کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ حکومتوں کا انتظار کیے بغیر مصیبت میں گھرے اپنے جیسے انسانوں کی مدد کے لیے قدم بڑھائیں اور یہی ہمارا شرعی و اخلاقی فرض بھی ہے. دفتر شعبہ امور خارجہ کے مطابق پہلے مرحلے میں دنیا بھر کے 8 مختلف مقامات پر امدادی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جسے بعدازاں مزید اہم مقامات تک پھیلایا جائے گا. ان مقامات میں برطانیہ, آئرلینڈ, سوئزرلینڈ, نجف اشرف, قم المقدس, مشہد المقدس, اصفہان اور کویت کے چند اہم شہر شامل ہیں. ان مقامات میں مقیم کمیونٹیز مجلس وحدت مسلمین کے مقامی نمایندے سے رابطہ کرکے ڈونیشنز جمع کروانے کا طریقہ دریافت کرسکتے ہیں۔