وحدت نیوز(تہران) شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی نے اپنی روحانیت کو اجتماعی میدان میں منعکس کیا اور ان کے تقوی و روحانیت کے ساتھ ان کی ولایت محوری انہیں دنیا کی ممتاز شخصیات کی صف میں کھڑا کردیتی ہے. ان خیالات کا اظہار نہاد مقام معظم رہبری کے ثقافتی و سیاسی ڈائریکٹر حجت الاسلام صالحی نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ امور خارجہ کی مشارکت سے ایران کے دارالحکومت تہران میں اردو زبان طلباء یونین کے زیر اہتمام منعقدہ برسی کے پروگرام میں کیا.حجت الاسلام والمسلمین صالحی نے کہا کہ ہر نوع میدان میں حضور اور ڈاکٹر شہید کی خود سازی باعث بنی کہ ملت تشیع پاکستان منظم ہوکر ایک کامیاب سفر کا آغاز کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر نقوی شہید رح کی جدوجہد انقلاب اسلامی کی آئیڈیالوجی کا خلاصہ ہے.انقلاب اسلامی کے چالیس سال مکمل ہونے کی مناسبت سے انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی نے زیرو سے کام شروع کیا تھا اور چالیس سال کے مختصر عرصے میں عالم استکبار کے تمام شوم منصوبوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہونے کی صلاحیت پیدا کرچکا ہے بلکہ فلسطین سے یمن تک عالم اسلام کی تمام مزاحمتی تحریکیں انقلاب اسلامی کی آئیڈیالوجی سے ماخوذ ہیں جو انقلاب اسلامی کی کامیابی کا مظہر ہے. انہوں نے مزید کہا کہ انقلاب اسلامی کی قطار سے کئی اترے تو کئی نئے مسافر سوار بھی ہوئے ہیں۔
ان کے بقول ڈاکٹر محمد علی نقوی جیسے شہداء اور اللہ کے صالح و صابر مجاہدوں نے اپنے خون سے اسلامی انقلاب کو سرحدوں سے باہر اور اندر محفوظ بنا دیا ہے.تہران میں منعقدہ برسی شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی رح کی سالانہ تقریب کے آغاز پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری امور خارجہ سید ابن حسن نے اپنی افتتاحی گفتگو میں ڈاکٹر شہید محمد علی نقوی رح کی جدوجہد کی چند بنیادی خصوصیات پر روشنی ڈالی. تہران میں منعقدہ برسی ڈاکٹر شہید کی تقریب سے ڈاکٹر شہید کے رفیق سید راشد عباس نقوی نے بھی گفتگو کی اور شہید کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی. اس تقریب میں تہران کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم اردو زبان طلباء اور تہران میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔