The Latest
وحدت نیوز(ٹوبہ ٹیک سنگھ) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے یوم شہادت حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی مناسبت سے ایک تنظیمی تعزیتی نشست کا اہتمام کیا گیا تھا جس سے مرکزی شعبہ خواتین کی سیکرٹری روابط خواہر لبانہ کاظمی نے خطاب کیا ۔ انہوں جہاں حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی سیرت پر روشنی ڈالی وہاں انہوں نے خواتین کی ذمہ داری بیان کرتے ہوئے کہا کہ جن حالات اور مشکلات سے وطن عزیز اور ملت آج گزر رہی ہے ۔ایسے حالات کبھی نہ تھے ۔ آج مکتبی خواہران کی ذمہ داری اور مسئولیت پہلے کی نسبت کہیں زیادہ ہے ۔ ہما رے ساتویں امام نے مظلومیت ،غربت اور اسیری میں اپنی زندگی گزار دی لیکن ان کے خاندان کی پاکیزہ خواتین نے جس کردار زینبی (س)کے ساتھ اپنی ذمہ داری کو نبھایاہے آج ہمیں بھی اسی طرح کی صورتحال کا سامنا ہے ۔ آپ حضرت معصومہ قم جو کہ حضرت امام موسیٰ کاظم کی دختر ہیں ، کی سیرت کا مطالعہ کریں ۔یہ نہ سوچیں کہ دین حقیقی اسلام ہم تک بڑی آسانیوں کے ساتھ پہنچا ہے ۔نہیں ایسا نہیں ہے اس دین مبین اسلام پر مومن مردو زن کا پاک خون لگا ہے ۔اور بے بہا قربانیوں کی بدولت ہم تک پہنچا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ خواہران اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کہ آپ اسی دین پر قائم ہیں جس پر حضرت زہراء(س) نے قربانی دی ۔اسی دین پر ہمارے پہلے چھ آئمہ نے قربانی دی اور راہ خدا میں شہید ہوئے ۔شہدائے کربلاء نے اپنی جانیں نثارکیں ۔ حتیٰ کہ اس دین اسلام اور نہضت حسینی ؑجس کا آج آپ اور ہم حصہ ہیں،اس پر توثانی زہراء اور رسول زادیوں کی چادریں قربان ہوئیں ہیں ۔اس مکتب کا آج سے 1400 سو سال پہلے آغاز ہوا اور آج بھی اپنے راستے پر گامزن ہے ۔ ہر روز روز عاشور ہے اور ہر جگہ کربلا ہے ۔ ہمارا کام صرف یہ ہے کہ ہم اپنا کتنا حصہ ڈالتے ہیں اور کتنا وقت دیتے ہیں ۔آپ خواہران کے جذبے اور حوصلے کو دیکھ کر ہمیں خوشی ہوئی کہ آپ برادران سے آگے اپنی ذمہ داری کو نبھا رہی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کی یہ کاوشیں اور فعالیتیںاپنی بارگا میں قبول فرمائے ۔
نشست کے آخر میں ٹوبہ ٹیک سنگ کی خواتین نے کہا کہ تحصیل سمبڑیال اور پسرور ضلع سیالکوٹ میں ہماری رشتہ داری ہے ہم مرکزی خواہران سے درخواست کریں گی کہ ہر 15 روز بعد دورہ رکھیں تاکہ جہاں کہیں ہماری واقفیت ہے ہم آپ کے ساتھ جا کر تحصیل سیٹ اپ تشکیل دلاسکیں ۔ جس پر خواہر لبانہ کاظمی نے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی خواہران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم مرکز سے بات کریں گے ۔جیسے ممکن ہوا ہم آپ کی خدمت میں حاضر ہو نگیں ۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان مظلومین کی حمایت،مومنین اور مسلمین کے ساتھ وحدت و اتحاد کے لئے وجود میں آئی ہے ۔ جتنی وحدت ہو گی اتنا ہم اپنے مقصد اور ہدف میں کامیاب ہوں گے ۔ اور اپنے شعائراللہ اور ایام اللہ کی حفاظت کر سکیں گے ۔ اگر خواتین اپنے اپنے علاقوں میں ان ایام اللہ میں عزاداری کو برپا کرلیں تو سمجھ لینا ہم اپنی منزل کے قریب تر ہو رہے ہیں ۔ ان محافل میں کوشش کریں اہلسنت خواتین بھی مدعو ہوں ۔آپ بھی ان کی محافل میلاد میں شرکت کیا کریں ۔ اس کام سے تکفیریت کے نفوذ کو روکا جا سکے گا کیونکہ تکفیری آج ان شعائراسلامی اور ایام اللہ کو مٹانا چاہتی ہے ۔ لیکن آپ خواہران کی آگاہی اور بیداری سے تکفیری سوچ کبھی بھی ہمارے معاشرے میں پروان نہیں چڑھے گی ۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی ضلع کورنگی کی جانب سے جشن ولادت باسعادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب ؑ کی مناسبت سے جشن و میلاد کا اہتمام کیا گیا۔ میلاد کا با قاعده پروگرام کا آغاز تلاوت کلام الہٰی سے کیا گیا،تلاوت کاشرف محترمہ کرن زیدی کو حاصل ہوا جسکے بعدحمد باری تعالیٰ محترمہ نرجس صاحبہ اور نعت رسول مقبول محترمہ ایلیا عابدی نے پیس کی۔
نعت رسول مقبول کے بعد منقبت کا پر جوش سلسلہ شروع ہوامنقبت خوانوں میں محترمہ ثمینہ زیدی، محترمہ ابیھازیدی ، محترمہ بتول زیدی ، محترمہ سمره بتول، محترمہ نیلم نے بارگاہِ اہلِ بیت میں ہدیہ منقبت پیش کیا۔منقبت کے ساتھ ساتھ بہترین تقاریر کا سلسلہ بھی جاری رہا، مقررین میں محترمہ فوزیہ عباس زیدی ،نین زهراء،محترمہ نگہت رضا نےمجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی ضلع کورنگی کی جنرل سیکرٹری خواہر ثروت زہرہ نے خصوصی خطاب کیااور زندگانی امیر المومنین(ع) پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہاکہ اگر ولائے علی نہ ہوتی تو دین کامل ناہوتا،ہم نے نام علی کو تو مقصد حیات بنا لیا مگر مقصد علی ابن ابیطالب کو بھول گئے،علی کو مانتے ہیں مگر علی کی بات کو نہیں مانتے،نام علی پر سب کچھ لٹانے پر تیار مگر ان کی بات ماننے پر تیار نہیں،زرا سوچیں ہمارے قول و فعل کا تضاد ہمارے امام عج کے ظہور میں کتنی رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے،ہم کیوں بھول جاتے ہیں اپنے مولا کا وه کلام جو مولا نے سورج سے کیاکہ ’’اے سورج گواه رھنا تو نے مجھ علی کو کبھی سوتے نهیں دیکھا..اور میں نے اپنی پوری زندگی تجھے روز طلوع ھوتے دیکھا ہے‘‘۔
کیا تم بھول گئے کے میں نے یہودی کے باغ میں مزدوری کی .پھر تم اپنے اہل و اعیال کے لیے کسب حلال کی کوشش کیوں نہیں کرتےاور کیا تم یہ بھی بھول گئے کہ اللہ کی عبادت میں فاطمہ میری مددگار ہیں لہذا تم بھی اپنی بیٹیوں کی بہترین تربیت کرو کیوں کہ عورت مرد کا نصف ایمان ہے،عورت ہی وه ہستی ہے جس کی آغوش میں نبی و امام پرورش پاتے ہیں،تو آئے آج عهد کریں کے ہم سب صرف علی کو نہیں مانے گے بلکہ امیرالمومنین کی ہر بات کو مانیں گے،اس روحانی محفل کا اختتام دعاے امام زمانہ عج سےہوا اور ملک و ملت کی ترقی کے لئے دعا کی گئی،آخر میں نذر مولا علی تقسیم کی گئی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین کراچی ضلع ملیر کی جانب سےدکھی انسانیت کی خدمت کیلئے ایک اور قدم ’’امنگ روزگاراسکیم‘‘کا آغاز، جس کے کے تحت جعفر طیارسوسائٹی میں مولا علی علیہ سلام کی ولادت کے موقع پرمحفل میلاد منعقدکیاگیا جس کاآغازدعا توسل سے کیا گیا ،منقبت خوانی خواہر رفعت،خواہراختر صاحبہ اورماہ نور نے کی اس کےبعد مولا علیؑ اور خدمت خلق کے عنوان پر خواہر مریم جعفر نے شرکا ئےمحفل سے خطاب کیا، اس خوبصورت محفل کا اختتام دعائےامام زمانہ سےکیاگیا،آخرمیں امام علی ؑکی سیرت کو اپناتےہوئے ایک اور بےروزگارفیملی کو اپنی مدد آپ کےتحت فنگرچپس بنانے کی مشین ہدیہ کی گئی ۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع لاہوریوتھ کونسل کا اجلاس سیکرٹری یوتھ سید سجاد نقوی کی صدارت میں وحدت ہاؤس پنجاب میں ہوا۔جس میں ضلعی لاہور کے ڈپٹی سیکرٹری علامہ عباس شرازی نے شرکت کی اور جوانوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے تزکیہ نفس کی تاکید کی اور امام موسی کاظم علیہ السلام کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر تزکیہ نفس نہ ہو تو انسان وقت کے امام اور اولاد رسول اللہ صلی علیہ والہ وسلم کو بھی قتل کر دیتا ہے اور اگر تزکیہ نفس انسان میں موجود ہو تو پھر حضرت سلمان رضی اللہ تعالی بھی اہلیت بیت علیہ السلام میں شامل ہو جاتے ہے،اجلاس میں وحدت یوتھ کے پلیٹ فارم سے 15 روزہ دعائیہ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا،11شعبان کو حضرت شہزادہ علی اکبر علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے یوم جوان بھرپور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا جس میں مرکزی و صوبائی قائدین اور ضلع بھر سے نوجوان شرکت کریں گے۔
وحدت نیوز(ڈیرہ غازی خان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری روابط خواہر لبانہ کاظمی نےڈیرہ غازی خان میں خواتین کی جانب سےحضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے منعقدہ مجلس عزاء سےخطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا و آخرت کی بدترین سزا رسوائی اور ندامت ہے ۔ انسان جتنا اس مادی دور میں ترقی کی جانب گامزن ہے اتنا ہی دنیا پرست اور لالچی ہوتا جا رہا ہے ۔ اسی لئے تو اس کو آئے دن ایک نہ ایک رسوائی کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے ۔ یہ تو اس دنیا کی سزا ہے ۔جس سے ہمیں سبق حاصل کرنا ہے ۔ آخرت میں تو ہمیشہ کی رسوائی اور ندامت ہو گی جو کبھی ختم نہ ہو گی ۔ اگر انسان آج بھی سیرت پیغمبر اسلام ﷺ اور آل بیت اطہار ؑپر عمل کر لے تو نہ صرف اس دنیا میں سرخرو ہو سکتا ہے بلکہ آخرت میں بلند مرتبہ حاصل کر سکتا ہے ۔ مگر کیا کرے! شیطان کے ہاتھوں گرفتار ہے ۔ جب پیٹ میں لقمہ حرام ہو گا تو اسے یہ کیسے توفیق نصیب ہو سکتی ہے کہ وہ ان پاکیزہ ہستیوں کے فرامین پر عمل کر سکے ۔
جب انسان کے پاس اقتدار ہوتا ہے تو اسے زیادہ پاکیزہ ، صادق ا ور امین ہونے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ اسے تو ضرورت ہی پیش نہ آئے کہ عدالت اسے سرٹیفکیٹ دے کہ تم صادق اور امین ہو لیکن حیف کہ ایسا نہیں ہے ۔ اب جبکہ عدالت عالیہ نے بھی یہ کہہ دیا ہے کہ فلاں شخص صادق اور امین نہیں اور تین محترم ججز نے تو ملزم ٹھرا دیا ہے کہ اس کی جے آئی ٹی بننی چاہئے ۔ یہ ایسا کیوں ہوا!! صرف اور صرف سیرت طیبہ سے دوری کا نتیجہ ہے ۔ یہ ہمارے لئے بھی ایک عبرت کا مقام ہے ۔ کہ اگر آج ہم بھی قرآن و اہبیت ؑ کے بتائے ہوئے فرامین سے دور ہو گئے تو اس کا نتیجہ سوائے رسوائی اور ندامت کے کچھ نہیں ۔ آج کائنات کی جس ہستی کا یوم شہادت ہے ۔ہمارے ساتویں مظلوم امام حضرت موسی ٰ کاظم علیہ السلام کا دنیا کے سامنے یہی تو قصور تھا کہ امام قرآن اور سیرت طیبہ پر صحیح معنوں میں عمل پیرا تھے ۔ مگر اس وقت کے حکمران اقتدار کے نشے میں مست تھے ۔ان کو امام کی اس روش سے اختلاف تھا ۔حضرت امام موسیٰ کاظم ؑ نے مدینہ طیبہ کو چھوڑنا گواراکیا مگر حکومت سے سے سمجھوتہ نہ کیا اور دنیا والوں کو بتا دیا کہ حق اور صداقت کی بنیاد یہ ہے کہ حق کبھی بھی باطل کے سامنے نہیں جھک سکتا ۔حق کی ہمیشہ جیت ہے اور باطل ذلت و رسوائی کا نام ہے ۔
جس دن حق اور صداقت نے باطل سے سمجھوتہ کرلیا سمجھ لینا ذلت اور رسوائی اس قوم کا مقدر بن گیاہے ۔ یہ کوئی مذاق نہیں ہے ۔ یہ دین سے دوری اور ایمان سے غداری ہے ۔ انسان چاہئے عام آدمی ہو، عالم یا حکمران اسے دیندار اور باایمان ہونا چاہئے ۔ ورنہ آئے دن عذاب الہی کا مستحق ٹھرے گا ۔ ہمیں خوش نہیں ہونا چاہئے کہ فیصلہ آ گیا اور ہم بری الذمہ ہو گئے ۔ نہیں! ہماری ذمہ داری اور بڑھ گئی ہے ۔ ہمیں اپنی اصلاح کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی آگاہی دلانا ہے ۔ کہ اگر ہم اس ذلت و رسوائی پر خاموش رہے تو ہم بھی اس جرم میں شریک ہو جائیں گے ۔ اگر شراکت جرم سے بچناہے تو متحد ہو کر اپنے برادران کے ساتھ ہم آواز ہو کر میدان میں حاضر رہنا پڑے گا ۔ اس کے لئے سختیاں بھی جھیلنا پڑیں تو حاضر رہیں ۔اپنے بچوں کو آگاہ کریں ۔اپنی قریبی عزیز رشتہ دار اور حلقہ احباب خواتین کو آگاہی دیں ۔ مرکز سے رابطے میں رہیں ۔ حالات حاضرہ سے باخبر رہیں ۔ اس ساری صورتحال میں آپ نے کسی سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچانا ۔ کسی مکتب فکر کے خلاف نعرہ بازی نہیں کرنی ۔ اتحاد بین المسلمین کے ساتھ ساتھ اتحاد بین المومنین پر بھی توجہ دینی ہے ۔ ہمیں صحیح معنوں میں اپنے فرزندان کی تربیت کرنی ہے اور اس وطن عزیز کے لئے محب وطن ،جانثار سپاہی تیار کرنے ہیں جو ہمار ی پاک افواج کا دست وبازو بن سکیں ۔ ہمیں نفرت ،تشدد اور فتنہ و فساد سے دوری اختیار کرنی ہے ۔ اور ہمیں اپنے قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس کا ساتھ دینا ہے ۔ یہ ہماری ذمہ داریوں میں سے ہے ۔ آج سوشل میڈیا کا دور ہے ۔ہم گھر پر رہیں فضولیات کی بجائے ہم اپنے قائد وحدت کے اخلاقی ،سیاسی اور بابصیرت خطابات سنیں تاکہ ہم صحیح معنوں میں آگاہ اور بیدار ہو سکیں ۔ سنی سنائی باتوں کا دور گزر گیا ۔ امید ہے خواہران جس جذبے کے ساتھ کام کررہی ہیں۔اپنے کام کو جاری و ساری رکھیں گی ۔
آخر میں میں اپنی عزیز خواہر لیلیٰ رباب صاحبہ(ڈی جی خان شعبہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ) کا تہہ دل سےشکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے اتنی بابرکت اور پرفضیلت محفل کا انعقاد کیا اور ہمیں موقع دیا کہ ہم آپ جیسی عظیم خواہران کی خدمت میں حاضر ہو سکیں ۔میں خواہر لیلیٰ رباب کی خدمت میں سلام پیش کرتی ہوں جنہیں کچھ عرصہ پہلے یہاں کی سی ٹی ڈی نے ان کےگھرآ کر ہراساں کیا کہ آپ کیوں خطاب کررہی ہیں جس پرتنظیمی برادران نے قائد وحدت تک اس واقعہ کی اطلاع دی اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے بروقت نوٹس لینےسے انتظامیہ انہیں گرفتار نہ کر سکی۔ وہ انتظامیہ کے پریشر سےگبھرائی نہیں بلکہ انہوں نے یہی کہا کہ خدا کا شکر ہے کہ ہم حق پر ہیں ۔ ڈیرہ غازی خان کےاس سفر میں خواہر فاطمہ زیدی چنیوٹ سےخواہر لبانہ کاظمی کے ہمراہ تھیں ۔
وحدت نیوز (گلگت) حکمران اقتدار کے نشے میں اخلاقیات سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں،ملک میں انتشارکی سب سے بڑی وجہ انصاف کا فقدان ہے۔عدل وانصاف پر مبنی معاشرے کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے،خواتین حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عملی پیروی کرکے معاشرے کی اصلاح میں اپنا کردار ادا کریں۔
مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی کوارڈینیٹر خواہر سائرہ ابراہیم نے غلمت اور مناپن میں خواتین اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پستی میں گھرے ہوئے معاشرے کی اصلاح کی ذمہ داری صرف مرد حضرات پر ہی عائد نہیں ہوتی بلکہ انقلابی معاشروں میں خواتین کا کردار بہت ہی اہم ہوتا ہے جس کیلئے ہمیں اپنے آپ کو تیار کرنا ہوگا۔آج ملک عزیز میں تمام طبقات حکومت کی ناانصافیوں سے نالاں ہیں ،عوام کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں،کرپشن ،اقربا پروری ،لوٹ کھسوٹ اور جبر و زیادتی کے مارے عوام حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف کا اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے لیکن بجائے استعفی دیکر اپنے آپ کو اقتدار سے علیٰحدہ کرنے کی بجائے نااہل حکمران اقتدار کی کرسی سے چمٹے ہوئے ہیں۔ایسے حکمران جو سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ میں بدلنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ان سے کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ ہمارے ساتھ انصاف کریں۔آج گلگت بلتستان میں سینکڑوں سالوں سے ان علاقوں کا دفاع کرنے والوں کو اپنی زمینوں سے بیدخل کیا جارہا ہے،اس خطے اور پاکستان کے سرحدات کا دفاع کرنے والوںکی اولادوں کے حصے میں شیڈول فور اور قید و بند حصے میں ملا ہے۔ترقی او رخوشحالی کے نام پر معاشرے کو انتشار کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ راحیل شریف کو سعودی فوجی الائنس کا سربراہ بننے کی اجازت دیکر حکومت نے بہت بڑی غلطی ہے۔سعودی اتحاد اصل میں امریکہ اسرائیل اتحاد ہے جو صر ف اور صرف سعودی شہنشاہوں کے اقتدار کو طول دینے اور اسلامی ممالک میں اتحاد و وحدت کو پارہ پارہ کرنے کیلئے بنایا گیا ہے۔پڑوسی ملک افغانستان میں مداخلت کے بھیانک نتائج سے نجات حاصل نہیں ہوئی ہے اور اب سعودی اتحاد میں شامل ہوکر حکومت نے ایک اور بڑی غلطی کی ہے۔انہوں نے خطاب کے آخر میں خواتین کے بنیادی حقوق اور معاشرے میں ان کے مقام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت خاموش رہنے کا نہیں بلکہ اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کا وقت ہے اور ہم جتنی دیر سے ظلم کے خلاف قیام کرینگے اسی حساب سے زیادہ قربانی دینی پڑی گی۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان اور بیتِ زہرہ کے وفد کی ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی کی سربراہی میں ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین ضلع حیدرآباد کی جنرل سیکرٹری خواہر عظمی تقوی اور انکی کابینہ کیساتھ ایک تفصیلی ملاقات ہوئی۔ وفد میں خواہر سیدہ ام البنین (مرکزی معاون سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین)، خواہر تفصیر (جنرل سیکرٹری ضلع ملیر اور مسؤل بیتِ زہرہ(س) ضلع ملیر) اور انکی معاون خواہر انیلا موجود تھیں ۔ ملاقات میں ضلع حیدرآباد کے بیتِ زہرہ کی ٹیم کیساتھ بیتِ زہرہ کے مختلف شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور مختلف پروجیکٹز زیرِ غور آئے۔اسکے بعد بیتِ زہرہ ضلع حیدرآبادکاخصوصی طور پرسیکرٹری جنرل شعبہ خواتین پاکستان خواہر زہرہ نقوی نے باقائدہ افتتاح کیا جسکے بعد دعائے توسل کا اہتمام کیا گیا۔
وحدت نیوز(حیدرآباد) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین سندھ ورکنگ کمیٹی کیساتھ دورہ ضلع حیدرآباد کیا جہاں آخر میں ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین ضلع حیدرآباد کے تمام شعبہ جات کے حوالے سے تفصیلی کارگردگی رپورٹ پیش کی گئیں۔مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے اپنے خطاب میں ضلع حیدرآباد کی شعبہ خواتین کی تمام کاوشوں اور کارگردگی کو بے حد سراہا اور تمام دیگر اضلاع کےلئے قابلِ تقلید قرار دیا۔ اور توفیقات میں مزید اضافہ کی دعا کی ۔ پروگرام کا باقائدہ اختتام دعائے سلامتی امام(ع) اور ملک و ملت کی سلامتی و ترقی کی دعا کیساتھ کیا گیا۔
مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے اپنے دورہ ضلع حیدرآباد کے دوران خواہر عظمٰی تقوی سیکریٹری جنرل ضلع حیدر آباداور خواہر نزہت عباس سیکریٹری گرلز گائیڈضلع حیدرآبادکیساتھ بھی خصوصی ملاقات کی اور وحدت گرلز گائیڈ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئے اور مستقبل کے حوالے سے ٹریننگ کورس اور پروجیکٹس زیرِ غور آئے۔
وحدت نیوز(جہلم) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان ضلع جہلم کی جانب سے "جشنِ ولادتِ امیر المومنین(ع) اور روزِ پدر" کی خاص مناسبت سے مقامی خواتین کی انجمن کیساتھ جشن و میلاد کا اہتمام کیا گیا،جسمیں خصوصی طور پہ مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے شرکت کی ،آپ نے اپنے خطاب میں فضائل و مناقبِ امیر المومنین بیان کیئے۔جشن میں خصوصی طور پہ مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی جانب سے شائع کئے جانے والے روزِ پدر کے کارڈز ، کیک کیساتھ پیش کئے گیے۔اسکے علاوہ مختلف قسم کے حجاب کے سامان کے اسٹالز کا بھی اہتمام تھا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کوئٹہ کی جانب سے وحدت گلرلز گائیڈ کے حوالے سے میٹینگ ہوئی۔جس کی نگرانی مرکزی مسؤل مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان خواہر فرحانہ گلزیب نے فرمائی۔نشست میں خواہر فرحانہ گلزیب نے وحدت گلرلز گائیڈ کو مزید منعظم اور فعال کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو فرمائی۔ اور مستقبل قریب کے حوالے سے وحدت گلزلز گائیڈ کی تربیتی پروگرامز ترتیب دینے کے تاکید کی۔،اسکے علاوہ مرکزی مسؤل مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان خواہر فرحانہ گلزیب نے کوئٹہ کی تنظیمی خواہران کیساتھ بھی ایک نشست کی جسمیں تنظیمی فعالیت کے حوالے سے گفتگو ہوئی اور تنظیم سازی کے حوالے دورہ جات اور تربیتی پروگرامز ترتیب دینے کی خصوصی تاکید کی۔
علاوہ ازیں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما محترمہ فرحانہ گلزیب نے اپنے دورہ کوئٹہ کے دوران مجلس وحدت مسلمین کے رکن بلوچستان اسمبلی اور ممبر مرکزی شوریٰ عالی آغاسید رضا سے خصوصی ملاقات کی، اس موقع پر کوئٹہ ڈویژن کی خواتین رہنما بھی ان کے ہمراہ تھیں ، محترمہ فرحانہ گلزیب اور آغارضا کے درمیان آئندہ قومی انتخابات کی حکمت عملی اور خواتین کی ذمہ داریوں کے عنوان پر تفصیلی بات چیت ہوئی، آغا رضا کاکہنا تھا کہ کوئٹہ سمیت ملک بھر میں خواتین کارکنان کا کردار انتخابی سیاست میں بہت اہمیت کا حامل ہے، محترمہ فرحانہ گلزیب نے کہاکہ انشاءاللہ ایم ڈبلیوایم کی خواتین کارکنان اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ ہر میدان میں حاضر ہیں اور انتخابی عوامی رابطہ مہم میں بھی شب وروز وارد رہیں گی۔