وحدت نیوز(چنیوٹ) شھید قاسم سلیمانی ، شھید ابو مھدی المھندس اور انکے ساتھیوں کی شھادت پر خراج عقیدت پیش کرنے اور امریکہ کے بزدلانہ حملے کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے کے لیے ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع چینیوٹ کی جانب سے مردہ باد امریکہ ریلی نکالی گئ جس میں شعبہ خواتین کی جانب سے بھرپور شرکت کی گئی۔
ریلی میں مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ معصومہ نقوی ، مرکزی سیکرٹری ورکنگ وومن محترمہ ڈاکٹر ردا فاطمہ، ضلعی سیکرٹری جنرل چینیوٹ محترمہ انجم کاظمی نے شرکت کی اور ریلی سے خطاب کیا ۔
محترمہ معصومہ نقوی نے اپنے خطاب میں شیطان الاکبر امریکہ کی عالمی قوانیں کو روندتے ھوئے بزدلانہ حملہ کرنے پر شدید مزمت کرتے ھوئے کہا کہ امریکہ کے دن گنے جا چکے ہیں، اس وقت پوری دنیا امریکہ کی دھشت گردانہ کاروائیوں اور جنرل قاسم سلیمانی و رفقاء کی شھادت کے خلاف سراپا احتجاج ھے۔ ان کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی کی شہادت فقط ایران کا مسئلہ نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔
وحدت نیوز(کوہاٹ) مجلس وحدت مسلمین ضلع کوہاٹ کے زیر اہتمام شہید قاسم سلیمانی مہدی مہندس اور انکے با وفا ساتھوں کی یاد میں مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر مجلس وحدت صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے مجلس ترحیم سے خطاب کیا۔ انہوں نے امریکہ کے بزدلانہ حملے اور اسلام دشمن پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ صوبائی سیکرٹری جنرل نے شہید قاسیم سلیمانی اورمہدی مہندس کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا اس عظیم شہید کے بدولت وہ کام جو سالوں میں نہیں ہوسکیں صدر ٹرمپ کی بےوقوفیوں کی وجہ سے چند دونوں میں رونما ہوگئے۔ ایران اورعراق میں عوامی اتفاق اتحاد نے امریکہ کی نیندیں حرام کردی ہیں جو وہ کھبی نہیں چاہتےتھے۔ اس موقع پر امریکہ کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا، صدر ٹرمپ کی تصویر اور امریکی پرچم نزر آتش کیا گیا۔
اجتماع میں مختلف تنظیموں کے نمائندگان، ایم ڈبلیوایم کے صوبائی سیکریٹری جنرل وحیدعباس کاظمی، شیعہ علماء کونسل کےصوبائی صدر حمید حسین امامی، امامیہ علماء کونسل علامہ قیصر عباس الحسینی ، قومی وحدت کونسل کے چیئرمین آغا سید عبدالحسین الحسینی ،علامہ محمد باقر منتظری ،علامہ سید ثاقب حسین شیرازی ،علامہ اشرف علی قرائتی نے اپنے خطابات سے شہداء کوخراج عقیدت پیش کیا۔ ان خطباء کے علاوہ دسیوں علماء مشران قوم اور سینکڑوں مومنین اور میڈیا کے نمائندے موجودتھے۔
وحدت نیوز(سجاول) مجلس وحدت مسلمین ضلع سجاول کے سیکرٹری جنرل حاجی مظفر علی لغاری کی قیادت میں بعد نماز جمعہ مسجد الحسینی سجاول سے پرانی نیشنل بنک سجاول تک فرزندان اسلام قاسم سلیمانی اور مہدی مہندسکی امریکی دہشت گردانہ حملے میں المناک شہادت کے خلاف شیطان بزرگ امریکہ اور اسکی ناجائز اولاد اسرایئل کے خلاف قائد وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ کی کال پراحتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی کے شرکاء سے حاجی مظفر علی لغاری سیکرٹری جنرل ضلع سجاول۔ڈپٹی سیکرٹری جنرل فیاض حسین شیخ ،مجلس وحدت المسلمین ٹنڈو محمد خان کے ضلعی رہنما مولانا محمد بخش غدیری ،نجف علی لغاری،گل محمد لغاری،سید منصور شاہ زیدی اور مولانا مراد علی لغاری نے خطاب کیا۔
حاجی مظفر علی لغاری،مولانا محمد بخش غدیری اور برادر فیاض حسین شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ عراق وشام میں انبیاءکرام، اہل بیت عصمت وطہارت ،اصحاب کرام اور مسلمانوں کی جان ومال عزت وآبرواور ناموس کی حفاظت کرنے والے دو عظیم مجاہدین اسلام کے سچے فرزند جنرل قاسم سلیمانی اور انجینئرابو مہدی المہندس کی فرعون زمان امریکا کے ہاتھوں مظلومانہ شہادت پر پوری امت مسلمہ اپنے غم وغصے کا اظہار کرتی ہے اور پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے سے اس دور کے فرعون امریکا سے اپنے تعلقات اور وابستگیاں ختم کرکے امریکی سفارت خانوں کر فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔
مقررین نے کہا کہ سب سے بڑےشیطان کے ہاتھوں ان عظیم فرزندان اسلام کی شہادت کا ہدف امت مسلمہ کے خلاف نئی جنگ کا آغاز ہے۔پاکستان کی عظیم اسلامی ملت شہداء کے خانوادگان پوری دنیا کے مظلومین اور رہبر مظلومین جہاں آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے اظہار تعزیت اور امریکا سے نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس جانگزار سانحہ کے موقع پر وحدت مسلمین کے ذریعے امریکی اہداف کو شکست دینے کا عہد کرتے ہیں ، شہداءاپنا وعدہ پورا کرگئے شہداءکے ساتھی اللہ کا وعدہ پورا ہونے تک اپنا عہد پورا کرتے رہیں گے انشاءاللہ ۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن ضلع جنوبی کے زیر اہتمام عراق میں امریکی دہشتگردی سے شہید ہونے والے سردار قاسم سلیمانی و ابو مہدی المہندس اور ایرانی و عراقی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے بعد نماز جمعہ جامع مسجد آل عمران محمود آباد سے بلوچ کالونی شاہرائے فیصل تک نکالی گئی۔ احتجاجی ریلی میں علامہ مرزا یوسف حسین، مولانا علی عباس قمی، علی حسین نقوی، علی رحمانی، میر تقی ظفر سمیت بڑی تعداد میں مظاہرین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں پلے کارڈ اور بینز اٹھائے ہوئے تھے، جس میں قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی تصاویروں سمیت امریکا کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کیخلاف مذمتی نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے خطاب میں علامہ مرزا یوسف حسین و دیگر مقررین نے کہا کہ خطے میں امریکی غنڈہ گردی کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔
رہنماؤں نے کہا کہ امریکا عالمی دہشتگرد اور خطے کے امن کا کھلا دشمن ہے، اس کا وجود عالم اسلام کیلئے شدید خطرہ ہے، ایران کے جنرل قاسم سلمانی کو سرکاری دورے کے دوران نشانہ بنا کر امریکا نے اپنے عزائم واضح کر دیئے ہیں کہ کوئی عالمی قانون اور کوئی اخلاقی و سفارتی آداب اس کے راہ کی رکاوٹ نہیں بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنا کر ایران نے دنیا کے باوقار مسلمانوں کی خواہشات کی ترجمانی کی ہے، آج ہر طرف یہ گونج سنائی دی جا رہی ہے کہ عالمی دہشتگرد امریکا کے خلاف جو ردعمل اکتالیس ممالک پر مشتمل نام نہاد اسلامی عسکری اتحاد نہیں دکھا سکا، وہ کام عالمی اقتصادی پابندیوں میں جھکڑے ہوئے ایک تنہا ملک اسلامی ایران نے کر دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ پر یہ حقیقت آشکار ہو چکی ہے کہ امریکا مختلف حیلوں بہانوں سے ایک ایک کر مسلمان ملکوں کو تباہ کرتا جا رہا ہے۔
خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ اسامہ کی تلاش کے نام پر افغانستان اور پھر کیمیائی ہتھیاروں کو بہانہ بنا کر عراق میں لاکھوں افراد کے قتل کے ذمہ دار امریکا اور اس کے اتحادی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف پر تولنے کا نتیجہ امریکا کو اس کی سوچ سے بھی زیادہ سنگین ملا ہے، رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے اس بیان نے امریکی صدر ٹرمپ کی راتوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں کہ یہ محض ایک تھپڑ تھا، انتقام ابھی باقی ہے، امریکی صدر ٹرمپ کی بوکھلاہٹ اس کے خطاب سے عیاں تھی، اس کے چہرے کے تاثرات اس کے الفاظ کا ساتھ نہیں دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک سے امریکا کی بے دخلی مسلمانوں کی استحکام اور سالمیت کیلئے بھی ضروری ہے، تمام اسلامی ممالک کو چاہئے کہ وہ امریکا سے اپنے تعلقات ہمیشہ کیلئے منقطع کر دیں۔
وحدت نیوز(جیکب آباد) شیعہ قومی اتحاد جیکب آباد کی جانب سے عراق پر غاصبانہ امریکی قبضے اور دہشت گردی کرکے عالم اسلام کے عظیم سپہ سالار سردار شہید قاسم سلیمانی اور عراقی کمانڈر مہندس ابومہدی کو قتل کرنے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں مرکزی امام بارگاہ جیکب آباد سے امریکہ و اسرائیل مردہ باد احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ امریکہ نے عراق افغانستان فلسطین پاکستان سمیت دنیا بھر میں جو مظالم ڈھائے ہیں اس کے باعث وہ اقوام عالم میں منفور ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی امریکی غلامی کے بجائے ایک آزاد اور خودمختار ملک کی ترجمانی کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکہ فی الفور اسلامی ممالک سے نکل جائے اور عراق سے اپنی فوجیں نکالے۔
وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبد الخالق اسدی کی کال پر پنجاب کے مختلف اضلاع میں احتجاج اور ریلیاں نکالی گئی احتجاج میں شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور ساتھ ساتھ ایرانی قوم کو تعزیت پیش کی گئی آج کے احتجاجی جلوس اور مردہ باد امریکہ ریلیوں میں مقررین اور علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے نے کہا ہے کہ کیسے شہید تھے قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کے پاکیزہ لہو نے پورے عالم اسلام کو بیدار اور متحد کردیا ہے۔
مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمسائے بدلے نہیں جاسکتے لہذا ایران کے ساتھ اس وقت حکومت اپنے آقاؤں کی خوشنودی کے لئے کھڑی نہیں ہو سکتی تو کم از اکم تعزیتی پیغام بھیجنے کی ہمت تو کرتے ہم نے اپنی خود مختاری کو چند ٹکوں کے عوض اغیار کے ہاتھوں میں گروی رکھ دیی ہے آج مصور پاکستان علامہ اقبال کی روح کو اس نا اہل حکومت نے تڑپا کے رکھ دی ہے۔ ریلیوں اور احتجاج میں عوام کی بھرپور شرکت رہی۔ عوام کا غم وغصہ امریکہ کے لئے بہت سخت تھا۔ اور یہ احتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ انشاء اللہ شہید کے چہلم تک جاری رہے گا۔