Print this page

یوم غدیر اس لکیرکا نام ہے جو منافق اور مومن کی راہوں کو جدا جدا کرتی ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

18 جولائی 2022

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ولایت امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کے پیروکاروں کو عید غدیر کے بابرکت موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم غدیر روز تکمیل دین ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زبان مبارک سے مولائے کائنات کی ولایت کا اعلان وہ حکم خداوندی تھا جسے غدیر خم میں کم وبیش ڈیرھ لاکھ افراد نے سنا۔ ذکر علیؑ حق و باطل کی شناخت کے لیے سب سے موثر ہتھیار ہے۔ ولایت علی ؑ ابن طالبؑ معیار ایمان ہے۔ جس شخص کے دل میں فاتح خبیر مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کا عشق موجود نہیں اس کی نماز روزہ اور دیگر عبادات کو سوائے جسمانی مشقت کے کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔ رسول کریم ﷺ نے مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کے چہرے کی طرف دیکھنے کو عبادت اور ان کی محبت کو واجب قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم غدیر اس لکیرکا نام ہے جو منافق اور مومن کی راہوں کو جدا جدا کرتی ہے۔تمام پیروان ولایت علیؑ ابن ابی طالبؑ پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ آج کے دن اللہ تعالی کے احکامات کی بجا آوری کر کے اس کی اس عظیم نعمت کا شکر ادا کریں۔خوشی کے اس موقعہ پر اپنے ضرورت مند عزیز ا اقرباءکو خوشی کے موقعوں پر فراموش نہ کیا جائے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree