Print this page

علامہ ڈاکٹرسید شفقت حسین شیرازی کی شہید شیخ رسول محمد شحود کی مجلس ترحیم میں خصوصی شرکت اور خطا ب

12 July 2025

وحدت نیوز(قم) مرکزی سیکریٹری امور خارجہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی شہید شیخ رسول محمد شحود کی مجلس ترحیم میں خصوصی شرکت اور خطا ب ۔تفصیلات کے مطابق چند دن پہلے شام کے شہر حمص میں معروف شیعہ عالم دین شیخ رسول محمد شحود تکفیری دہشتگردوں کے قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ کل ایران کے شہر قم المقدس میں مقیم سوریہ کے علماء و طلاب کے زیر اہتمام انکے ایصال ثواب کیلئے مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا جس میں شہید بزرگوار کے فرزندان و اقرباء سمیت مدرسین اور طلاب کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس مجلس ترحیم میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی خصوصی نمائندگی کرتے ہوئے سیکریٹری امور خارجہ ایم ڈبلیو ایم حجتہ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے خصوصی شرکت اور خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کا کہنا تھا کہ مکتب تشیع کی طول تاریخ میں دین مبین کی سربلندی کیلئے شہادتوں کا تسلسل پایا جاتا ہے۔ مکتب کربلا کے ماننے والوں نے ہر دور کے یزید کے خلاف آواز حق بلند کی ہے اسی لیے جابرانہ و مسلط کردہ حکومتیں ہمیشہ سے شیعہ علماء کرام کے قتل میں ملوث رہی ہیں۔ اور سوریہ میں جب سے جولانی رجیم برسر اقتدار آئی ہے تب سے شام میں تمام اقلیتیںوں کا بے دریغ قتل عام کیا جارہا ہے۔ شہید شیخ رسول شحود سوریہ کے شہر حی المزرعہ حمص کے نہ فقط امام جمعہ تھے بلکہ استقامت اور حریت کے علمبردار تھے۔ انکی شجاعانہ زندگی مکتب اہلبیت کی سربلندی اور اجتماعی خدمات سے لبریز تھی۔ ہم خانوادہ شہید کی خدمت میں ہدیہ تعزیت و تسلیت عرض کرتے ہیں اور شہید بزرگوار کیلئے دعا گو ہیں کہ اللہ پاک انکو جوار اہلبیت علیہ السلام میں جگہ نصیب فرمائے۔ آمین 

علاوہ ازیں اس مجلس ترحیم میں کویت کے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ حسین معتوق اور سوریہ کے علماء کرام نے بھی خطابات کیئے۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree