Print this page

پاراچنار میں قیامِ امن کے لیے مجلس وحدت مسلمین کا کلیدی کردار(خصوصی رپورٹ)

20 May 2025

وحدت نیوز(رپورٹ)ضلع کرم کی سرزمین طویل عرصے سے فرقہ وارانہ کشیدگی، راستوں کی بندش اور سماجی انتشار کی لپیٹ میں رہی ہے۔ مگر حالیہ برسوں میں، خاص طور پر پاراچنار کے امن کے قیام میں جس استقامت، حکمت اور قیادت کا مظاہرہ کیا گیا، وہ قابل تحسین ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان، مقامی قیادت، خصوصاً علامہ مزمل حسین فصیح، معروف سماجی رہنما شبیر حسین ساجدی اور رکنِ قومی اسمبلی انجنئیر حمید حسین طوری نے پائیدار امن کی راہ ہموار کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا۔

مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی قیادت نے جہاں اسلام آباد اور دیگر شہروں میں کرم کے مسائل کو ایوانوں تک پہنچایا، وہیں مقامی قیادت نے میدانِ عمل میں عوام کی رہنمائی کی۔ علامہ مزمل حسین فصیح نے نوجوانوں میں شعور پیدا کیا، خطرات سے خبردار کیا، اور ہر اُس کوشش کی قیادت کی جس سے امن کے امکانات روشن ہو سکتے تھے۔

پاراچنار کے معروف سماجی کارکن اور صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی نے نہ صرف عوامی پلیٹ فارم پر پرامن تحریکوں کی حمایت کی، بلکہ دھرنوں، مذاکراتی جرگوں اور امن معاہدوں میں بھرپور حصہ لیا۔ ان کی نرم گفتاری، وسعتِ نظر، اور غیر متزلزل کمٹمنٹ نے ہر طبقے کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ شبیر ساجدی نے مستقل طور پر اس بات پر زور دیا کہ امن صرف بندوق سے نہیں، بلکہ فہم، مکالمے اور انصاف سے آتا ہے۔

ایم این اے انجینئر حمید حسین طوری نے نہ صرف پارلیمنٹ کے فورم پر کرم کے مسائل کو اجاگر کیا، بلکہ عملی اقدامات بھی کیے۔ انہوں نے راستوں کی بحالی، ترقیاتی فنڈز کی بحالی اور امن کے لیے حکومتی سطح پر دباؤ ڈالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے جرگہ سسٹم کو مضبوط کرنے اور وفاقی اداروں کو مذاکرات کی طرف لانے میں سفارتی کردار ادا کیا، جو ایک نیا رخ ثابت ہوا۔

علامہ مزمل فصیح کی قیادت میں شروع ہونے والے دھرنے نے ملک گیر دھرنوں کی شکل اختیار کی، جس سے حکومت مجبور ہوئی کہ امن جرگے قائم کرے اور مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے۔ ان دھرنوں کے نتیجے میں جو معاہدہ طے پایا، وہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ اگرچہ اس معاہدے کی بعض شقوں پر مکمل عملدرآمد ابھی باقی ہے، مگر قیادت کی مسلسل کوششیں امید کی کرن ہیں۔

پاراچنار کے عوام اب ایک نئے شعور کے ساتھ اپنے حق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر حسین ساجدی، پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین طوری اور تحصیل چئیرمین آغائے مزمل حسین کی قیادت میں یہ آواز اب دبنے والی نہیں۔ اگر حکومت خلوصِ نیت سے ان معاہدوں پر عمل کرے تو وہ دن دور نہیں جب پاراچنار ایک پُرامن، خوشحال، اور متحد شہر کے طور پر ابھرے گا۔

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree