وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے یوم شہادت امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے پردردموقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 21 رمضان المبارک، وہ المناک دن جب تاریخِ انسانیت کا سب سے بڑا مظلوم، عدل و انصاف کا سب سے عظیم علمبردار، یتیموں کا باپ، مظلوموں کا سہارا، امیرالمؤمنین حضرت علی ابنِ ابی طالب علیہ السلام محرابِ عبادت میں شہادت کے درجے پر فائز ہوا۔
مولا علیؑ کا وجود قرآنِ ناطق تھا، جو اپنے عمل، کردار اور قول سے انسانیت کو راستہ دکھاتا رہا۔ آپؑ نے ظلم کے خلاف جہاد کیا، حق کی سر بلندی کے لیے ہر قربانی دی، اور اپنی حکومت کا مرکز عدل و انصاف کو بنایا۔ آپؑ فرماتے ہیں:
“حکومت کفر کے ساتھ تو چل سکتی ہے، لیکن ظلم کے ساتھ نہیں”
آج جب دنیا بالخصوص ہمارا وطن پاکستان ظلم، ناانصافی، کرپشن اور بے یقینی کا شکار ہے، ہمیں مولا علیؑ کے در سے ہی سبق لینا ہوگا۔ کیونکہ مولا علیؑ صرف ایک شخصیت نہیں، بلکہ ایک مکمل نظامِ زندگی کا نام ہے — ایسا نظام جو معاشرے میں عدل، مساوات، محبت، اور انسانی احترام قائم کرے۔
شہادتِ امیر المومنین حضرت علیؑ ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ:
•ظالم کے خلاف ڈٹ جانا ہی علیؑ کا راستہ ہے،
•مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا علیؑ کی سیرت ہے،
•حق بولنا، چاہے سر کٹ جائے، علیؑ کا طریقہ ہے۔
آئیے! اس موقع پر عہد کریں کہ ہم مولا علیؑ کے کردار کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں گے،
انصاف، امانت، دیانت اور حق پرستی کو اپنائیں گے،
اور اپنے ملک کو عدل و انصاف کے اصولوں کے مطابق سنوارنے کی کوشش کریں گے۔
سلام ہو اُس عظیم ہستی پر جس کی زندگی بھی حق تھی اور شہادت بھی حق۔