The Latest
وحدت نیوز(اسلام آباد)گلگت بلتستان کے وزیر قانون و صحت سید سہیل عباس شاہ نے اپنی وزارت سے مستعفی ہونے کے بعد مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان و سابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان الیاس صدیقی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
سابق وزیر نے بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات میں گلگت بلتستان کے موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے جی بی کے عوام کے آئینی حقوق کے لیے بھرپور جدوجہد کے عزم کو دہرایا۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مسنگ پرسنز کے احتجاجی کیمپ پہنچ کر ماما قدیر بلوچ و دیگر سے یکجہتی کا اظہار کیا۔اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم کوئٹہ سٹی حاجی غلام حسین اخلاقی مولانا نور حسین اندرزگو و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان کے آئین کی پابندی تمام شہریوں اور اداروں کے لئے ضروری ہے اور کوئی بھی شخص یا ادارہ آئین اور قانون سے بالاتر نہیں۔ پاکستان کے کسی بھی شہری کو ماورائے آئین و قانون اُٹھانا لا قانونیت ہے۔ اگر کسی پر کوئی الزام ہے تو اس کے لیے قانون موجود ہے۔ ایف آئی آر درج کر کے اسے کورٹ میں پیش کر دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ماورائے آئین و قانون اٹھانے کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر کے مسنگ پرسنز کو مجاز عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کراچی میں مزار قائد کے سامنے کراچی کے شہری مسنگ پرسنز کے معاملے پر دھرنا دے چکے ہیں جبکہ اس وقت مسنگ پرسنز کا مسئلہ پورے ملک کا مسئلہ بن چکا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ مسنگ پرسنز کے دھرنے اسلام آباد پہنچ کر یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلوچ مسنگ پرسنز تحریک کے سربراہ ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت بھی ہزاروں لوگ لا پتہ ہیں جن کے وارث عدالتوں اور ریاستی اداروں کے چکر کاٹ کر تھک چکے ہیں مگر کوئی ان کے پیاروں کو بازیاب کرنے کے لئے تیار نہیں۔ ہماری تحریک پرامن ہے اور ہم پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے مسنگ پرسنز کی بازیابی چاہتے ہیں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کرغزستان میں پاکستانی طلباء کی ٹارگٹ کلنگز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان جان لیوا حملوں کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مقامی افراد کے ہاتھوں پاکستانی طلباء کی ٹارگٹ کلنگز کے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں، کرغزستان کی مقامی پولیس انتظامیہ کی نگرانی میں قتل و غارت کا یہ کھیل کھیلا جا رہا ہے، کرغزستان میں کم و بیش 10 ہزار پاکستانی طلباء زیر تعلیم ہیں، حکومت کو اس مسئلے کا فوری حل تلاش کرنا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ دفتر خارجہ اس سنجیدہ مسئلے پر فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے پاکستان میں موجود کرغزستان کے سفیر کو طلب کر کے اس سے ایسے واقعات کی سخت الفاظ میں باز پرس کرے، وزارت خارجہ اپنے اعلیٰ سطح وفد کرغزستان روانہ کر کے وہاں کی حکومت سے بات چیت کرے اور پاکستان طلباء کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات جناب سید حسین زیدی اور صوبائی سیکرٹری فلاح و بہبود (ویلفیئر)جناب شیخ عمران علی کی زیر صدارت فلاح و بہبود (ویلفیئر) کونسل کی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلعی اور صوبائی مسئولین مجلس وحدت مسلمین نے شرکت کی ۔
جناب عمران علی شیخ صوبائی سیکرٹری فلاح وبہبود ، فصاحت علی بخاری صوبائی سیکرٹری مالیات نجم عباس خان ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع لاہور ، نقی مھدی ضلعی جنرل سیکرٹری ، آفتاب ہاشمی سنیئر ضلعی نائب صدر ،سید فخر حسنین رضوی صدر عزاداری ونگ ، رانا کاظم ضلعی نائب صدر ،فضل کاظمی ضلعی مالیات سیکرٹری ، ملک خاور ، حیدر عباس ، رضا بھائی ، جناب باقر بھائی، ڈپٹی فلاح وبہبود ، علی رضا بھائی کے علاؤہ کئی دیگرعہدیدار بھی میٹنگ میں شریک تھے ۔
میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کیے گئے ۔ گذشتہ ماہ کی فعالیت کا جائزہ لیا گیا اور آنے والے مہینوں کے لئے نئی پالیسی دی گئی ۔ گذشتہ فعالیت اور کارکردگی کو حوصلہ افزاء تصور کرتے ہوئے امید کی گئی کہ آگے بھی اسی طرح فلاح وبہبود (ویلفیئر ) کونسل بہتر انداز میں اپنے اہداف کی جانب گامزن رہے گی اور اپنی بھرپور توجہ دے گی ۔ ان شاءاللہ ۔
وحدت نیوز (اسلام آباد) مرکزی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی ایڈوکیٹ کا اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینی ماں کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں شرکت، اس موقع پر بار ممبران کی جانب سے سید ناصر عباس شیرازی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی اور اجرک بھی پہنائی گئی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ فلسطینیوں نے خون دے کر عسکری میدان میں اسرائیل کو شکست دے دی ہے، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بیانیہ کی جنگ میں اسرائیل اور ان کے حواریوں کو شکست دیں اور امریکہ سمیت دیگر ممالک میں یونیورسٹی طلباء کے اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج کی حمایت کریں اور پاکستانی کی جامعات میں بھی فلسطینیوں کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرنی چاہیے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین اسلام آباد وراولپنڈی کی صدر محترمہ صدیقہ کائنات ، مرکزی آفس سیکرٹری محترمہ بینا شاہ ، ضلعی جنرل سیکرٹری خواہر نادیہ اور میڈیا سیکرٹری محترمہ نغمہ زیدی نےکلچرل قونصلیٹ جمہوری اسلامی ایران اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ فلسطین کانفرنس میں خصوصی دعوت پر شرکت کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ صدیقہ کائنات نے فلسطین کے بچوں اور خواتین پر جنگ کے اثرات اور ہماری ذمہ داری کے عنوان پر روشنی ڈالی۔
وحدت نیوز(سرگودھا)صوبائی نائب صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید ملازم حسین شاہ نقوی اور ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع سرگودھا جناب مولانا ذوالفقار اسدی کا سرگودھا کی تحصیل ساہیوال کا وزٹ اور ساہیوال میں کارنر میٹنگ ہوئی ۔ سردار صفدر حسین خان کا نام برائے تحصیل صدر زیر غور آیا ہے ۔ ان شاءاللہ عنقریب ان سے تحصیل صدر کا حلف لیا جائے گا۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پنجاب سیکرٹریٹ میں وحدت ویلفیئر کی میٹنگ میں سیکرٹری ویلفیئر آغا باقر علی نے سید علی رضا کاظمی کو اپنا ڈپٹی سیکرٹری نامزد کردیا ہے ، میٹنگ میں ضلع لاہور کے نائب صدر رانا کاظم علی اور فصل عباس نقوی بھی شریک تھے سید علی رضا کاظمی کو ڈپٹی سیکرٹری بننے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔
ایم ڈبلیوایم کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی علامہ شیخ اکبر رجائی کے فنڈ سے ویٹرنری ہسپتال پاری کا افتتاح
وحدت نیوز (کھرمنگ) مجلس وحدت مسلمین کھرمنگ کے صدر، رکن اسمبلی شیخ اکبر علی رجائی کیطرفسے رکھے گئے پراجیکٹ "ویٹرنری ہسپتال پاری" پر کام مکمل، افتتاح کی تقریب منعقد۔ ویٹرنری ہسپتال کا افتتاح صدر مجلس وحدت مسلمین شیخ اکبر علی رجائی اور اسلامی تحریک ضلع کھرمنگ کے رہنما و امام جمعہ پاری شیخ علی طاہری نے فیتہ کاٹ کر کیا۔
افتتاحی تقریب میں علامہ شیخ مرتضی انصاری ،سابق ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹراسرار اور موجودہ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع کھرمنگ جناب غلام محمد، اصغریہ ویلفیئر سوسائٹی پاری کے صدر خادم حسین جانسز کے ہمراہ انکے اراکین کابینہ ، مجلس وحدت کے رہنما وزیر محمدکلیم صاحب کے علاوہ عمائدین وسرکردگان پاری نے بھر پور شرکت کی۔
علماء وعمائدین پاری نےاس اہم پروجیکٹ مکمل کرنے پرخصوصی شکریہ ادا۔ علمائے کرام نے اس پراجیکٹ کو علاقہ پاری کیلئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اپنی اے ڈی پی میں شامل کرنے پر مجلس وحدت مسلمین اور شیخ اکبر رجائی کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(سکردو) 16 مئی یوم مردہ باد امریکہ مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف طوسی پبلک سکول کے سٹوڈنٹس کا احتجاجی پروگرام ،رکن مرکزی نظارت آئی ایس او پاکستان جناب کاچو زاہد علی خان , مرکزی رہنما مجلس وحدت مسلمین جناب شیخ محمدجان حیدر ی اور الہدیٰ فاؤنڈیشن کے چیرمین علی نوری صاحب نے شرکت کی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 15 مئی 1948 کو اسرائیل کی غاصبانہ ریاست امریکہ اور برطانیہ کی ایماپر وجود میں آئی اور مظلوم فلسطینیوں کو انکے ملک سے نکالاگیا۔آج اسرائیل دن بدن کمزور جبکہ مظلوم فلسطینی ظلم سہنے کے باوجود مضبوط ہوتے جارہے ہیں سپریم لیڈر آف ایران رھبر بصیر انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے 25 سال سے پہلے اس غاصب ریاست کے خاتمہ کی نوید سنائی ہے جسکی تیاری جاری ہے۔انشاء اللہ رھبر معظم انقلاب کی قیادت میں مسلمان یوم القدس اور جمعہ الوداع مسجد اقصی میں اداکرینگے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما شیخ محمدجان حیدری نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں درپیش چیلنجز کے مقابلے کےلئے عوام تیار رہے مجاھد ملت آغاسید علی رضوی کی قیادت میں ہرسازش کا مقابلے کرینگے۔