The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے ایک وفد کے ہمراہ پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری علامہ سہیل اکبر شیرازی، صوبائی سیکرٹری تبلیغات علامہ عبدالحق جمالی و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی اور عدل و انصاف کا نظام ضروری ہے۔
انکا کہنا تھا کہ عوامی رائے کو روندنے والوں کا احتساب ضروری ہے۔ پاکستان کے عوام جبر کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، جو کہ آئین اور قانون کی بالادستی سے ممکن ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم بلوچستان علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف پوری دنیا کے غیرت مند عوام سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ عالم انسانیت کو ظلم کے نظام کے خلاف قیام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری عبدالرحیم زیارت وال نے کہا کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لئے تحریک تحفظ آئین پاکستان مصروف جدوجہد ہے۔ فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم پر انسانیت رنجیدہ اور غم زدہ ہے۔
وحدت نیوز(گلگت)مجلس وحدت مسلمین کے رہنما اور سابق معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان محمد الیاس صدیقی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گرین سیاحت کے نام پر علاقے کے وسائل پر قبضہ کرنے کی ہر کوشش کیخلاف مزاحمت کی جائیگی۔ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل سے صرف اور صرف یہاں کے مقامی افراد ہی استفادے کا حق رکھتے ہیں۔ اگر جبری طور پر قبضہ کرنے کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کرینگے۔ نلتر ریسٹ ہاؤس اور زمین پر قبضہ حلقے کے منتخب ممبر کی آشیر باد سے ممکن ہوا۔ کمپنی نے نلتر بالا اور نلتر پائین کے آپس کی چپقلش سے فائدہ اٹھایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے چور دروازوں سے وسائل پر قبضہ کرنا یہاں کے عوام سے کھلی دشمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک اس متنازعہ فیصلے کا گلگت بلتستان سطح پر حل نہیں نکلتا ہے کمپنی نلتر میں کام روک دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نلتر گلگت کا ایک پسماندہ علاقہ ہے اور پکنک پوائنٹ ہے جہاں سیاحوں کی آمدورفت جاری رہتی ہے اور اسی سیاحت سے وہاں کے لوگ اپنا ذریعہ معاش تلاش کرتے ہیں اور اب کمپنی کے ذریعےعوام الناس سے یہ موقع چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
الیاس صدیقی نے کہا کہ نلتر جھیل پر بنا ہوا ریسٹ ہاؤس کمپنی اٹھا چکی ہے اور جھیل بھی ان کے زیر استعمال آنے کے بعد عوام کو وہاں کاروبار تو کیا جھانکنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا نلتر بالا اور پائین کے عمائدین سے اس سلسلے میں بات ہو چکی ہے، اگر سیاحت کمپنی اپنا کام نہیں روکتی تو احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ انھوں نے اسمبلی فلور پر اس زیادتی کے خلاف آواز اٹھانے پر ممبر اسمبلی سید سہیل عباس شاہ کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(ملتان)مجلس وحدت مسلمین عزاداری ونگ جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر و ممبر ڈویژنل امن کمیٹی ملتان انجینئر مہر سخاوت علی سیال نے کہا ہے کہ محرم الحرام سے قبل ڈویژنل انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، واسا، واپڈااور دیگر ادارے جلوس ہائے عزا کے روٹس، امام بارگاہوں کے راستوں اور دیگر معاملات کو محرم الحرام سے پہلے حل کرے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے دفتر میں عزاداروں کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملتان بھر کے لائسنسداران، عزادار، بانیان مجالس، متولی امام بارگاہ اور انتظامیہ کے افراد موجود تھے۔ اس موقع پر انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام سے قبل تمام انتظامات مکمل کر لیے جائیں گے، جلوس روٹس کے مسائل سمیت دیگر ایشو کو حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر انجینئر سخاوت علی سیال نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں میں جن علاقوں میں جلوس روٹس کے مسائل رونما ہوئے اُنہیں بروقت نمٹایا جائے، جلوس کے راستوں میں سیوریج، بجلی اور سڑکوں پر فی الفور کام شروع کیا جائے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس x پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رفح کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کا وحشیانہ حملہ عالمی جنگی قوانین اور انسانیت کی بدترین تذلیل ہے۔ اسرائیل کے مذموم جنگی عزائم عالمی امن اور فلسطین کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں،اسرائیلی غاصب فوج نے پناہ گزین کیمپوں، ہسپتالوں اور محفوظ پناہ گاہوں پر حملے کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ اسے عالمی قوانین کی ذرا بھر بھی پروا نہیں،اب تک عالمی عدالت انصاف کے تین فیصلوں کو اسرائیلی روند چکا ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور حکمرانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مظلومین فلسطین پر آگ و بارود کی بارش برسانے والے بے لگام اسرائیل کو لگام دیں۔ فلسطین کے عوام کی حمایت اور اسرائیل کی مخالفت پر عالم اسلام کو اپنی حیثیت کھل کر واضح کرنا ہوگی۔ رفح پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں،ان شاءاللہ مظلومین فلسطین کی فتح یقینی ہے،غاصب صہیونی ریاست کا دنیا کے نقشے سے مٹ جانا نوشتہ دیوار ہے،مجاہدین مقاومت کی کامیابی اور شہداء کے لواحقین کے صبر کے لیے دعاگو ہوں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری حفظہ اللہ سے عراق سے آئے ہوئے موسسئہ امام الحسین علیہ السلام نجف کے وفد کی سربراہ امت واحدہ پاکستان علامہ محمد امین شہیدی کے ہمراہ خصوصی ملاقات۔
اس موقع پر وفد نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جس پر سربراہ مجلس وحدت مسلمین نے عراق سے آئے ہوئے مہمانان گرامی کا شکریہ ادا کیا،ملاقات میں مرکزی سیکرٹری یوتھ خطیب ولایت علامہ اعجاز حسین بہشتی،رکن شوریٰ عالی امتیاز رضوی،ڈاکٹر اشفاق حسین اور مولانا مرتضی علوی بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکے کرنے کے26 سال بعد اچانک 28 مئی کو سرکاری چھٹی کے اعلان کی ضرورت کیوں پیش آ گئی۔ قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی آرڈیننس اور نیب ترمیمی آرڈیننس کا فوری اجراء کیوں کیا ؟ جبکہ قانون سازی کیلئے قومی اسمبلی و سینیٹ موجود ہیں،نیب آرڈیننس کے ذریعے ریمانڈ کے ایام 14سے بڑھا کر 40 کرنا اور مخالفین کے خلاف مجرمانہ نکتہ نظر، بدنیتی سے کیس بنانے والے نیب افسر کی سزا 5سال سے کم کر کے 2 سال کر دینے کے پس پردہ کون سے مذموم مقاصد ہیں؟ حاضر سروس ججز کے علاوہ ریٹائرڈ ججوں کو الیکشن ٹریبونل کا حصہ کیوں بنایا جا رہا ہے؟ان سب اقدامات کی واحد وجہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی ہیں جنہیں حب الوطنی کے جرم میں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا مزید کہنا تھا کہ توشہ خانہ تحائف کے جس نئے کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کو پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے اگر یہ کوشش کامیاب ہو گئی تو نئے آرڈیننس کے مطابق ان کا ریمانڈ چودہ روز کی بجائے 40 روز کا ہو گا جو ملک کی تاریخ کے سیاہ فیصلوں کے باب میں ایک نیا اضافہ سمجھا جائے گا۔مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل میں ریٹائرد ججوں کو شامل کرنے کا آرڈیننس من پسند فیصلوں کے حصول کی راہ ہموار کرنے کیلئے ہے۔ ہم پیالہ و ہم نوالہ ججوں کو اس الیکشن ٹریبونل کا حصہ بنانے کی کوشش وطن عزیز کو ایک نئے بحران کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔آج 28 مئی کو عمران خان کے دوکیسز کا فیصلہ متوقع تھا۔
اسلام آباد کے تین حلقوں کے انتخابی نتائج پر بھی آج فیصلہ آنا تھا۔ حکومت نے بظاہر یوم تکبیر کے نام پر چھٹی کا اعلان ان فیصلوں کو التواء کا شکار رکھنے کیلئے کیا ہے حالانکہ ایٹمی دھماکے کرنے کے بعد گزشتہ 26 سالوں میں پہلے کبھی چھٹی نہیں دی گئی۔پاکستان پیپلز پارٹی خود کو ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کا پرچم اٹھانے والی جماعت کہتی تھی، اسٹیبلشمنٹ کی خوشنودی، اعلیٰ اختیارات اور عہدوں کے حصول کیلئے نظریاتی اصولوں کی قربانی دے کر پیپلز پارٹی نے سیاسی خودکشی کر لی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے اپنی اور اپنی سیاسی جماعت کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ھے۔نیب کے قانون کے حوالے سے سعد رفیق کا بیان ان کے سیاسی تدبر کی نشاندہی کرتا ہے،اور قابل تحسین بھی ہے۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے زیر اہتمام ایم ڈبلیو ایم ہزارہ ٹاؤن آفس میں شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی، آیت اللہ سید محمد علی آل ہاشم اور دیگر شہداء کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدور علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، علامہ علی حسنین حسینی، علامہ سید عباس موسوی، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ و دیگر نے خطاب کیا۔ جبکہ تعزیتی ریفرنس میں ڈپٹی کونسل جنرل مہدی شائقی، ہزارہ ٹاؤن کے علمائے کرام اور ایم ڈبلیو ایم ہزارہ ٹاؤن و علمدار روڈ کے ذمہ داران شریک ہوئے۔
اس موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کو پاکستانی عوام سے خصوصی محبت تھی۔ جس کا انہوں نے دورہ پاکستان کے موقع پر اظہار بھی کیا۔ ابراہیم رئیسی شہید ایک مجاہد اور انتھک عالم دین تھے، جنہوں نے مذہب و ملت کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مظلوم فلسطین ہی کے نام پر امت مسلمہ متحد ہو جائے تو دنیا کی بڑی قوت بنتی ہے۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی زاہدانہ زندگی ان کے ملک و ملت سے اخلاصِ کی دلیل ہے۔ عصر حاضر میں جب لوگ مال دنیا کے پیچھے ہیں، صدر ابراہیم رئیسی کی زندگی کسی معجزے سے کم نہیں۔ عظیم لوگ انفرادی مفادات، بینک بیلنس بنانے کی بجائے قوم و ملک کے لئے سوچتے ہیں۔ شہید رئیسی نے عالم اسلام کے درمیان قربتیں پیدا کیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آیت اللہ ابراہیم رئیسی اتحاد بین المسلمین کے علمبردار اور مظلوموں کے حامی تھے۔ مظلوم فلسطین کے حق میں آپ نے ہمیشہ موثر آواز بلند کی۔ اقوام متحدہ میں عظمت قرآن کریم کی وکالت کرکے آپ نے اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ نے کہا کہ شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے دو برادر ہمسایہ اسلامی ممالک پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کا فروغ چاہتے تھے۔ عالم کفر ان کے اسلامی و انقلابی افکار سے خائف تھا۔ صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ ہر دور میں اہل حق نے خدا کی راہ میں قربانیاں دی ہیں۔ حضرت ہابیل علیہ السلام سے لے کر شہید رئیسی تک ہر دور کے اہل حق شیطان پرستوں کے ظلم کا نشانہ بنے ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنماء اور امام جمعہ کوئٹہ علامہ علی حسنین حسینی نے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنماء حاجی رمضان علی ہزارہ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی جانب سے تین ماہ مکمل ہونے کے باوجود حملہ آوروں کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمارے قبائلی رہنماء کے کیس کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ہیں۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی نے بلوچستان شیعہ کانفرنس کے نائب صدر حاجی رمضان علی ہزارہ کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے حاجی رمضان ہزارہ کے کیس میں سست روی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ تین ماہ سے ہمارے ادارے کوئٹہ کے قبائلی رہنماء کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔ اس معاملے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا ہے۔
علامہ علی حسنین نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے حاجی رمضان ہزارہ کی فاتحہ خوانی میں اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی کہ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنماء کے قاتلوں کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، تاہم آج تک انکے قاتلوں کا کوئی اتا پتا نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کیس میں سست روی اور قاتلوں کی عدم گرفتاری کا نوٹس لیں۔ ہم صوبائی حکومت اور ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ حاجی رمضان ہزارہ کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے صدر علامہ سید علی اکبر کاظمی نے وفد کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل خانہ فرنگ ایران لاہور سے خانہ فرہنگ لاہور میں ملاقات کے دوران ڈاکٹر ابراہیم ریئسی کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس دکھ کی گھڑی میں ایرانی قوم کیساتھ کھڑے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، واقعتاً ایرانی صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی اچانک موت امت مسلمہ کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، اور ان کیساتھ وزیر خارجہ ایران جو ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے ساتھ شہید ہوئے ہیں، وہ ایک ایسی بے مثال شخصیت تھے، جنہوں نے فلسطین کہ مظلومین کا پیغام پوری دنیا کے ہر کونے تک پہنچایا اور مظلوم فلسطینیوں کی ایک بلند و بالا مثالی آواز تھے، ڈاکٹر ابراہیم رئیسی نے ہمیشہ اتحاد و امت کیلئے اپنی آواز بلند کی، اور امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق پر ہمیشہ کاربند رہے۔
انہوں نے کہا کہ آج الحمدللہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی شہادت اور ساتھی شہیدوں کے خون کے اثر سے مزید مضبوط ہوں گے، ان شاءاللہ العزیز آج بھی پوری پاکستانی قوم صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے غم میں دکھی ہے۔ وفد میں ضلع لاہور کے صدر نجم عباس خان، سینیئر نائب صدر آفتاب علی ہاشمی، ملک محمد علی، سید محمد عباس رضوی، فخر عباس ایڈووکیٹ، حیدر عباس حیدری، مولانا شمشں الحسنین نقوی، آغا زاہد قزلباش، اسد حسین جعفری، چودھری سجاد گجر، علامہ ظہیر الحسن کربلائی، رانا محمد آصف، سید جاوید علی بخاری، ندیم عباس جنجوعہ اور دیگر افراد شامل تھے۔
وحدت نیوز(سرگودھا)ساہیوال قصبہ دو آنے کانجو یونٹ کی تنظیم سازی ملک مظہر عباس کانجو تحصیل ساہیوال کے قصبہ دو آنے کانجو یونٹ کے صدر منتخب ،ضلعی صدر مولانا ذوالفقار اسدی نے حلف لیا ۔ سرگودھا کی تحصیل ساہیوال میں مکتب آل محمد کی ایک کثیر تعداد بستی ہے ساہیوال شہر کے اطراف میں بھی بعض جگہوں پر پوری پوری بستیوں میں مکتب آل محمد علیہم السلام کے پیرو کار رہتے ہیں ضلعی صدر مجلس وحدت مسلمین ضلع سرگودھا جناب ذوالفقار اسدی صاحب نے دو أنے کانجو کا تنظیمی وزٹ کیا اور دو آنے کانجو یونٹ کے تنظیمی اجلاس کی صدارت کی اتفاق رائے ملک مظہر عباس کانجو کو مجلس وحدت مسلمین دو آنے کا جو یونٹ کا صدر منتخب کر لیا گیا ۔ ضلعی صدر نے ان سے حلف لیا ۔