The Latest
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے شیعہ علماء کونسل بلوچستان کے صوبائی صدر علامہ آصف حسینی سے ملاقات کی اور انہیں مدرسہ خاتم النبیین کوئٹہ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے پروگرام میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر صوبائی رابطہ سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم بلوچستان سید گلزار علی شاہ و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ حضرت امام محمد باقر علیہ السلام کے یوم شہادت پر تقریب کا مقصد لوگوں میں سیرت آئمہ اہل بیت علیہم السلام کا تعارف ہے۔ آئمہ ھدیٰ علیہم السلام کی سیرت طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ دینی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ آصف حسینی نے کہا کہ دینی علوم کی تبلیغ و ترویج مقدس فریضہ ہے۔ علمائے کرام پر تبلیغ دین کی سنگین ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے سینیٹ میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ کی تیاری میں ان اقتصادی ماہرین کو بھی شامل کیا جانا چاہیے جن کا تعلق براہ راست عوام سے ہے۔جو عوام کی معاشی مشکلات کو سمجھتے ہیں، بجٹ 2024 میں تنخواہ دار طبقے پر لگائے جانے والے ٹیکسز ناقابل برداشت بوجھ ہیں۔ان سے اقتصادی بدحالی میں اضافہ ہو گا۔کم سے کم تنخواہ 36000روپے طے کرنے والوں کو اتنا علم نہیں کہ ایک کرایہ دار شخص اتنے کم روپیوں میں گھر کے اخراجات پورے نہیں کر سکتا، پاکستان غیر معمولی معدنی وسائل کا مالک ہے لیکن حکمرانوں کی بدانتظامی کے باعث بحرانوں میں جکڑا ہوا ہے، عوام کو غربت سے نکالنے یا ملک کی اقتصادی مضبوطی کے لیے اس بجٹ میں کوئی نکتہ سرے سے موجود نہیں.
پاکستان میں صنعت کار معاشی عدم استحکام کا شکار ہیں، انڈسٹریز کو تالے لگنے شروع ہو گئے ہیں، اس بجٹ میں جن لوگوں نے عوام کو لوٹا ہے وہ غاصب ہیں، حالیہ بجٹ میں عوام کے حقوق کی بدترین پامالی کی گئی، آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر حکمران پوری طرح عمل کر رہے ہیں، ٹیکسز عوام کا مال ہے یہ اشرافیہ کی مراعات اور عیش و عشرت پر خرچ نہیں ہونا چاہیے، مارکیٹوں میں جائیں حکومت نام کی کوئی شئے ہے ہی نہیں، چیزوں کی قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں ہے، تعلیم کے لیے اس بجٹ میں کچھ نہیں رکھا گیا، دو طرح کا نصاب پڑھایا جا رہا ہے ہمارے بچے قومی شاعر علامہ اقبال رح کو نہیں پڑھ سکتے، وہ پاکستانی ثقافت و روایات سے بیگانہ ہو رہے ہیں، ملک سے لگاؤ میں کمزوری آ رہی ہے، ہمیں ایسا تعلیمی نظام چاہیے جو ہماری نسلوں کو پاکستان سے جوڑے رکھے اور یہاں کی روایات، اخلاقیات اور اقدار کا تحفظ و احیاء کرے، اساتذہ کے لیئے کیا اقدامات اٹھائے گئے ہیں الٹا تنخواہ دار طبقہ پر بلواسطہ یا بلا واسطہ ٹیکسز کے بھرمار کی گئی ہے، آخر کون ان سب بنیادی مسائل اور سنجیدہ معاملات پر توجہ مرکوز کرے گا۔
یہ بجٹ پاکستان کی عوام کو غریب سے غریب تر بنائے گا اور امیروں کو امیر تر، یہ طبقاتی نظام ملکی سالمیت اور مستقبل کے لیے بہت خطرناک ہے، ملک کی ساٹھ فیصد آبادی پر مشتمل جوانوں کے لیے اس بجٹ میں کچھ نہیں ہے ان کی طاقت اور صلاحیتوں کو کیسے بروئے کار لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے، ہم ہمسایہ ملک سے گیس اور تیل کیوں نہیں لے رہے، وہ اپنے حصے کی پائپ لائن مکمل کر چکے ہم نے کیوں نہیں کی، بس امریکہ ناراض نا ہو بے شک عوام کو پھانسی لگا دی جائے، عوام غربت کی چکی میں پس جائے، یہ ملک دشمن بجٹ ہے، عوام کے خلاف معاشی جنگ ہے، غریب والدین مہنگائی کے ہاتھوں سخت پریشان ہیں، وہ اپنی بیٹیوں کی شادیاں نہیں کر سکتے، پیٹرول کی لیوی بڑھا دی گئی ہے، ہر چیز مہنگی ہو گی، ملک کی مشکلات کا بوجھ عوام اٹھاتی ہے اگر مہنگائی سے ان کی کمر توڑ دی گئی تو وطن کا دفاع کون کرے گا لہذا ہمیں چاہیے کہ اقتصادی حوالے سے اپنے ملک اور عوام کو مستحکم کریں اور اپنے قومی مفادات پر کسی طور پر بھی سمجھوتا نہ کریں۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ایکس x پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ بجٹ 2024, ٹیکسوں کی بھرمار کر کے عام آدمی کے معاشی بوجھ میں ناقابل برداشت اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سرمایہ دار طبقے کو بچانے کے لیے ملازمین کی تنخواہوں پر ٹیکس میں مزید اضافہ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے۔متوسط طبقے کو ریلیف دینے کی بجائے اس پر اضافی بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو پہلے ہی اذیت سے دوچار کر رکھا ہے، موجودہ بجٹ نے رہی سہی کسر بھی نکال دی ہے۔
حکومت نے سال 2024میں ٹیکس چھوٹ کی مد میں تین ہزار نو سو ارب روپے کا دوسروں کو فائدہ پہنچا کر ملک کو معاشی تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔مخصوص تاجر طبقوں کو ٹیکسوں میں دی جانے والی چھوٹ اور بے جا مراعات کے اضافی اخراجات پورے کرنے کے لیے بجٹ میں عام آدمی پر ہر ٹیکسز لگا دیے گئے ہیں۔جس اذیت سے قوم آج گزر رہی ہے گزشتہ ستر سالوں میں ایسا کرب ناک وقت قوم نے نہیں دیکھا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس علماء امامیہ پاکستان کی تاسیس کے گیارہ سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں مجلس علماء امامیہ کے زیر اہتمام مبلغین امامیہ کا مرکزی اجتماع بعنوان غدیر و عاشورا کانفرنس منعقد ہوا, جس میں پنجاب بھر سے سینکڑوں آئمہ جمعہ والجماعت اور مبلغین کرام نے شرکت کی۔
کانفرنس سے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، سربراہ ادارہ الباقر و مجلس علماء امامیہ پاکستان علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی، جامعہ الکوثر و اہل بیت کے مہتمم علامہ انور علی نجفی، ایم ڈبلیو ایم کی شورای عالی کے رکن و مجلس علماء مکتب اہل بیت کے نائب صدر علامہ اقبال حسین بہشتی، ادارہ الباقر کے تعلیمی شعبہ قم المقدس کے مدیر حجت الاسلام والمسلمین فدا علی حلیمی، ادارہ الباقر کے شعبہ تربیت کے مدیر حجت الاسلام والمسلمين جاوید حسین شیرازی، حجج الاسلام محسن عباس مقپون، علی اکبر کاظمی و دیگر نے خطاب کیا۔
کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ غدیر کی حفاظت تمام عاشقانِ ولایت و امامت کا فریضہ ہے، غدیر کی کو بھلانے کی وجہ سے کربلا جیسا واقعہ پیش آیا تھا لہذا ہمیں ہر صورت پیغام غدیر کو فروغ دینا ہوگا اور کربلا شناسی تمام مبلغین کرام کے لیے اشد ضروری ہے، واقعہ کربلا میں زندگی کے تمام پہلوؤں بارے رہنمائی موجود ہے اور کربلا کے شہداء کی پاکیزہ سیرت و کردار میں تمام باغیرت اور بابصیرت کلمہ گو کے لیے درس پوشیدہ ہے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے کہا کہ ہم سب کیلئے بہت اہمیت کا حامل ہے کہ معاشرہ سازی کے لیے غدیری فکر کے ساتھ کربلائی افکار کو مؤثر انداز سے بیان کریں، اس اہم ترین فریضہ کی ادائیگی کے لیے سب سے پہلے ہم سب افراد کو چاہیے کہ جو تبلیغات اور ترویج دین کے کام سے مربوط ہیں وہ احسن تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں اور عصری تقاضوں سے ہم آہنگ اور غدیر و کربلا کے بنیادی مطالب و مفاہیم پر عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے انکی فکر ونظر کو تقویت پہنچائیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نے غدیر و عاشورا کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالی۔
کانفرنس میں ادارہ الباقر کے ورچوئل انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کیا گیا، نیز مبلغین امامیہ کو دینی لٹریچر کی فراہمی کے سلسلہ میں الباقر مرکز مطالعات کی شائع کردہ کتاب "مہدویت" کی رونمائی اور کتاب کی مبلغین میں تقسیم کی گئی۔مجلس علماء امامیہ پاکستان بین الاقوامی ادارہ الباقر کا شعبہ تبلیغات ہے، پنجاب کے 24 اضلاع سے سینکڑوں آئمہ جمعہ والجماعت اور مبلغین مجلس علماء امامیہ سے مربوط ہیں، یہ ادارہ وقتاً فوقتاً مجلس علماء امامیہ کے لیے فکری تربیتی و علمی ورکشاپس، سیمینارز اور کانفرنسیں منعقد کرواتا رہتا ہے۔
وحدت نیوز(چکوال)عزاداری ونگ ضلع چکوال مجلس وحدت مسلمین ضلع چکوال کیجانب سے عظمت اہلبیت کانفرنس کا انعقاد ۔ ضلعی صدر سید وسیم حیدر کاظمی کے زیر اهتمام معروف عزادار زوار چوھدری عباس کی رهائش گاه پر عظمت اھلبیت کانفرنس کا انعقاد هوا جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین مجاھد ملت نو منتخب سینیٹر علامه راجه ناصر عباس نے شرکاۓ کانفرنس سے تاریخی خطاب کیا وه جب پنڈال میں تشریف لاۓ تومجلس وحدت مسلمین کے ضلعی صدر سید وسیم حیدر کاظمی اور زوار چوھدری عباس کی طرف سے والهانه استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین علامه راجه ناصر عباس جعفری نے خطاب کرتے هوئے مسلمانوں اور بلخصوص فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر امریکه و اسرائیل کو آڑے هاتھوں لیا انهوں نے شیعه سنی اتحاد پر زور دیتے هوۓ کها که اس اتحاد سے تکفیری قوتوں کو بری طرح شکست هوئی هے محرم الحرام کی آمد آمد هے اپنی صفوں میں اس اتحاد کو قائم رکھنے میں علماء کرام ذاکرین عظام نوحه خوان اور ماتمی حضرات اور سٹیج پر موجود سیاسی و مذهبی شخصیات سے اپیل کرتے هوۓ کها که وه سب اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکه صیهونی قوتوں کو ان کے مسموم ارادوں میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے انهوں نے کها که ملک پاکستان هم سے هے اور هم اس وطن عزیز سے هیں اس کے امن اور بقا کے لیۓ شیعان حیدر کرار اپنی جان کا نذرانه دینے کے لیۓ همه وقت تیار هیں انهوں نے بهترین انتظامات پر زوار چوھدری اظهر عباس اور ان کے معاونین سید مسرت حسین شاه کاظمی شاه سید بلهو چوھدری احسن عباس سید سبطین شاه کاظمی ذاکرسید امیر الحسن کاظمی کا شکریه ادا کیا جبکه سابق ایم پی اے سردار آفتاب اکبر خان مزهبی شخصیت پیر سید نثار قاسم جوجی شاه سردار ھمایوں بکھاری اور چوھدری نوشاد علی خان کا خصوصی شرکت پر شکریه ادا کیا ناظم ممبر کے فرائض بزرگ سید تنویر حسین شاه کاظمی ادا کیۓ۔
قائد وحدت کے خطاب سے قبل جبکه مجلس وحدت مسلمین ضلع چکوال کے سابقہ صدر علامه سید اعجاز حسین نقوی صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامه علی اکبر کاظمی مرکزی صدر عزاداری ونگ ملک اقرار حسین علوی ڈویژنل صدر عزاداری ونگ مولانا سید نیا حسین بخاری ،سید ریاض حسین شاه ایڈووکیٹ حسنین اشرف ایڈووکیٹ، رہبر کمیٹی کے کوآرڈینیٹر ایڈوکیٹ چوہدری محسن اور دیگر ضلع بھر کے بانیان عزاداران نے شرکاء کانفرنس سے خطاب کیا۔
وحدت نیوز(پشاور)کنیزانِ زہرا پشاور کے زیر اہتمام تحفظ عزاداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ معصومہ نقوی ، ایم ڈبلیو ایم وومن ونگ کی مرکزی رابطہ سیکریٹری محترمہ زینب بنت الھدی اور پرنسپل عسکری سول چکوال محترمہ چمن فاطمہ نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ معصومہ نقوی کا کہنا تھا کہ عزاداری سید الشہدا علیہ السلام کی اہمیت اور اس کے انعقاد کے اجر و ثواب سے تو ہم سب واقف ہیں لیکن اس کا اہم نکتہ یعنی مقصد عزاداری کو ہم بھلا بیٹھے ہیں۔ واقعہ کربلا کے بعد سیدہ زینب سلام اللہ علیھا نے کس قدر کٹھن و دشوار ترین مراحل طے کیے اور پیغام کربلا کو عام کیا ، مقصد شہادت ِ امام حسین علیہ السلام سے دنیا کو آگاہ کیا
ان کا کہنا تھا جناب زینب سلام اللہ علیھا نے عزاداری امام حسین علیہ السلام کی بنیاد رکھی تاکہ قیامت تاکہ آنے والی نسلیں اس عزاداری سے حقیقی پیام کربلا سن سکیں ۔آج ہم سب کو سیدہ زینب سلام اللہ علیھا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے با مقصد عزاداری کو فروغ دینا ہے۔ محترمہ چمن فاطمہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطیب کو معاشرے کی ضرورت کا احساس ہونا چاہیے کیونکہ ان کی گفتگو مجمع کے اذہان و افکار کو متاثر کرتی ہے منبر حسینی سے خطاب کرنے والے کی ذمہ داری ہے کہ وہ سامعین کے سامنے معاشرے کے اصلاحی پہلو ، ان کے مسائل اور قرآن و اہلبیت کی روشنی میں ان کا حل پیش کرے۔
وحدت نیوز(پشاور)پشاور میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب تنظیم سازی کی گئی محترمہ سمانہ ضلع پشاور کی صدر جبکہ محترمہ راضیہ رباب کو مردان یونٹ کا صدرمنتخب کیا گیا مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ معصومہ نقوی نے کانفرنس سے خطاب کے بعد خواہران سے حلف لیا ۔
وحدت نیوز(لاہور) صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب میں مرحوم سید حسین زیدی اور مرحوم یاسر علی مرحوم کے ایصال ثواب کے مجلس ترحیم کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب ضلع لاہور کی مشترکہ کاوشوں سید حسین زیدی صوبائی سیکرٹری سیاسیات کے بھائی مرحوم سید حسن زیدی اور رائے ناصر علی صوبائی سیکرٹری روابط کے بھائی مرحوم رائے یاسر علی کے ایصال ثواب کے لئے مجلس ترحیم کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ مجلس ترحیم میں مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی اور ضلعی مسئولین کے علاؤہ لاہور کی سماجی ،مذہبی اور سیاسی شخصیات نے شرکت ۔ مجلس ترحیم سے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب جناب علامہ سید علی اکبر کاظمی نے خطاب کیا ۔
علامہ سید علی اکبر کاظمی نے کہا من مات علی حب آل محمد مات شہیدا ۔ علامہ صاحب نے حضرت انسان کی احسن تخلیق پر گفتگو فرمائی اور خوبصورت انداز میں آیات الٰہی اور روایات کو بیان کیا ۔ انہوں کہا قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے( لقد خلقنا الانسان فی احسن تقویم)اور اسی آیت کریمہ کو سرلوح کلام قرار دیتے ہوئے انسانی تخلیق کے ہدف اور انسان کے کردار پر گفتگو فرمائی ۔مجلس عزاء مرحومین کی فیملی کے علاؤہ تنظیمی برادران کی ایک اچھی خاصی تعداد موجود تھی ۔
وحدت نیوز(لاہور) صوبائی سیکرٹریٹ مجلس وحدت مسلمین پنجاب لاہور میں حضرت امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کی برسی اور شہید رئیسی اور ان کے رفقاء کی شہادت کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ۔ تقریب سے جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید مبارک علی موسوی رکن شوری عالی ،حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید حسن رضا ہمدانی صدر ذاکرین خطباء ونگ اور جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی نے خطاب کیا ۔ صوبائی اور ضلعی کارکنان کی شرکت ۔ مقررین نے انقلاب اسلامی ایران کی برکات اور اس کے اثرات ،حضرت امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ کے کردار پر روشنی ڈالی ۔ اس تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لئے نیاز کا اہتمام کیا گیا تھا ۔
وحدت نیوز(شیخوپورہ)جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ سید علی اکبر کاظمی صاحب صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کا جناب سید حسن رضا کاظمی صوبائی جنرل سیکرٹری کے ہمراہ ضلع شیخوپورہ کا دورہ صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین پنجاب نے سید حسن رضا کاظمی صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ہمراہ جناب حجت الاسلام و المسلمین علامہ گلزار حسین فیاضی سے ملاقات کی اور گزار حسین فیاضی صوبائی صدر مجلس علمائے مکتب اہلبیت صوبہ پنجاب کے بہنوئی کے انتقال پر ان سے تعزیت پیش کی اور اظہار افسوس کیا ۔
مرحوم کی بلندی درجات کے لئے اجتماعی فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت بھی کی گئی ۔ اس سفر میں جناب سید حسن رضا کاظمی صوبائی جنرل سیکرٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب صوبائی صدر کے ہمراہ موجود تھے ۔ دونوں رہنماؤں نے جناب علامہ گزار حسین فیاضی صوبائی صدر مجلس علماء مکتب اہلبیت صوبہ پنجاب سے کئی اہم امور پر گفتگو کی ۔ شیخوپورہ تازہ تنظیمی سیاسی اور مذہبی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقعہ پر تحصل فاروق آباد ضلع شیخوپورہ کے مومنین بھی موجود تھے ۔