The Latest
وحدت نیوز(نصیر آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم اپنے کارکنوں کی تعلیم و تربیت کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ یونٹس کی فعالیت کے لئے 9 نکاتی پروگرام تشکیل دی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع نصیر آباد کے مختلف مقامات پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ تنظیم سازی کی جانب سے یونٹس کے 9 نکاتی پروگرام کے تحت دعائیہ تقریبات میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ دعا انبیاء کرام علیہم السلام کا ہتھیار ہے۔ یاد خدا و ذکر خدا کے لئے دعا و مناجات ضروری ہے۔ آئمہ اہل البیت علیہم السلام سے جو دعائیں ہم تک پہنچی ہیں وہ عشق خدا و معرفتِ الٰہی کا انمول خزانہ ہیں۔ دعائے کمیل اور مناجات شعبانیہ اولیائے خدا کی پسندیدہ دعائیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین اپنے کارکنوں کی تعلیم و تربیت کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔ لہٰذا یونٹس کی فعالیت کے لئے ملک بھر میں نو نکاتی پروگرام متعارف کرایا گیا ہے۔ نو نکاتی پروگرام پر عمل درآمد سے تنظیمی فعالیت میں اضافے کے ساتھ ساتھ کارکنوں کی دینی اور تنظیمی تربیت کا اہتمام ہوگا۔ یونٹس اضلاع اور تحصیلوں کے تنظیمی سیٹ اپ کی رہنمائی کے لئے کتاب رہنمائے مسئولین کے مطالعے اور اسٹڈی سرکل کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ رجیم چینج آپریشن کی حقیقت اور کردار کھل کر سامنے آچکے ہیں, قوم جان چکی ہے کہ عمران خان کی حکومت کو کس کے ایماء پر گرایا گیا, ملک میں سیاسی استحکام کے لئے غیر سیاسی قوتوں کی تسلسل سے جاری مداخلت کو روکنا ہو گا, تمام سیاسی جماعتوں کو دانشمندانہ اور زمہ دارانہ انداز اپنانے کی اشد ضرورت ہے, آئینی بالادستی اور پارلیمان کی مضبوطی کے بغیر ملک کے کھوئے ہوئے وقار کی بحالی ممکن نہیں, سیاسی جماعتیں شخصیات کی بجائے ووٹ کی طاقت پر یقین رکھیں, عوامی رائے سے بننے والی حکومت ہی حقیقی معنوں میں عوامی امنگوں کی ترجمان اور حقیقی فلاحی ریاست بنا سکتی ہے، عوام ہی طاقت کا سر چشمہ ہوتے ہیں اور ملک کو مشکل ترین حالات سے نکالنے میں موئثر کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس ملک میں سیاسی تقسیم بڑھتی رہے وہاں ادارے غیر موئثر اور اپنی ساکھ کھو دیتے ہیں، بنیادی انسانی حقوق کو بھی شدید خطرات لاحق ہو جاتے ہیں، سیاست دانوں کے مابین سیاسی روایات کی پاسداری کی کمی، ان کے درمیان باہمی رسہ کشی اور تصادم، سیاست دانوں کی سیاسی اداروں پر گرفت کا کمزور ہونا، ہارس ٹریڈنگ، لوٹا کریسی، اپوزیشن کی آواز دبانا، پارلیمنٹ کو محض ربڑ اسٹیمپ سمجھنا ایسے عوامل ہیں جو سیاسی نظام میں فوجی مداخلت کو جواز فراہم کرتے ہیں، کسی بھی ملک میں انارکی، بدعنوانی، لوٹ مار اور انصاف کی عدم فراہمی اور دیگر جرائم کا عروج پر ہوں اور سول حکومت ان پر کنٹرول حاصل کرنے میں ناکام ہو جائے تو اس سے ملکی سالمیت خطرے میں پڑ جاتی ہے، جب انتخابات کی شفافیت پر بار بار سوال اٹھتے رہیں تو ملک میں قانون کی حکمرانی کمزور اور شہری آزادیوں کا استحصال بڑھ جاتا ہے۔
وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت مسلمین کی شعبہ خواتین قم کی صدرسیدہ نگہت زہراء نقوی نے اپنے ایک پیغام میں ایام اعیاد کے موقع پر تمام مسلمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان ایام مبارکہ میں قائد وحدت نے اپنی سیاسی بصیرت اور فہم سے نہ صرف مکتب تشیع بلکہ تمام مکاتب کے پیروکاروں کو جو خوشی پہنچائی ہے وہ بیمثال ہے ۔ہم انتخابات میں بہترین حکمت عملی اپنانے پر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری صاحب اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور خداوندِمتعال سے دعا گو ہیں کہ یہ کامیابی ظہور امام عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے مقدمات میں سے قرار دے۔
پی ٹی آئی مینڈیٹ کے مطابق ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، حکومت سازی اسی کا حق ہے، علامہ احمد اقبال رضوی
وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال نے کہا کہ ملک میں دو سال سے جو کھیل کھیلا جا رہا ہے سب پریشان رہے۔ جو کچھ ہوا سب کی امیدیں الیکشن سے وابستہ تھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امین ہاوس ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد نقوی کی قیادت میں وفد جس میں ایم ڈبلیو ایم ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلعی صدر مولانا غضنفر نقوی، سید تہور عباس، تنویر مہدی، میڈیا کوارڈنیٹر سید توقیر زیدی شامل تھے نے سابق وفاقی وزیر و تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی اور ان کے والد کی وفات پر تعزیت پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دو سال سے جو کھیل کھیلا جا رہا ہے سب پریشان رہے۔ جو کچھ ہوا سب کی امیدیں الیکشن سے وابستہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم غیر مشروط طور پر پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک میں دو سال سے جو کھیل کھیلا جا رہا ہے سب پریشان رہے۔ جو کچھ ہوا سب کی امیدیں الیکشن سے وابستہ تھیں۔ ملک کو ایک بند گلی میں لے جانے کی کوشش کی گئی۔
علامہ احمد اقبال نے کہا کہ الیکشن میں عوام کامینڈیٹ کھل کر چوری کیا گیا۔ پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ مینڈیٹ ملا جسے بھونڈے انداز سے چوری کرنے کی کوشش کی گئی۔ پی ٹی آئی مینڈیٹ کے مطابق ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔ عمران خان پی ٹی آئی ملک کیلئے ویژن رکھتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں آزادانہ طور پر آئین پر عمل درآمد کیا جائے۔
علامہ احمد اقبال نے کہا کہ آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری اور عوامی حقوق ہمارا مطالبہ تھا۔ پی ٹی آئی سے بہت سے بنیادی نکات پر اتفاق تھا۔ پی ٹی آئی بھاری مینڈیٹ سے جیتی ہے تو وفاق اور صوبوں میں حکومت سازی اس کا حق ہے۔ ہم بانی پی ٹی آئی کے وژن سے اتفاق کرتے ہیں، وہ محب وطن ہیں اور ملک کیلئے ڈیلیور کیا۔ بانی پی ٹی آئی نے ثابت کیا عوام نے ان کے وژن کو قبول کیا۔ پی ٹی آئی کو ہروانے کیلئے پوری حکومتی مشینری استعمال کی گئی۔ غلامی نامنظور ہمارا مشترکہ نعرہ ہے، ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں تاکہ آئین کی عملداری ہو۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ نو منتخب اراکین اسمبلی کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کے فیصلے پر مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام نے ایم ڈبلیو ایم کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے انہیں مبارکباد دی ہے، مرکزی متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ و اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن علامہ سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا ،جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مفتی گلزار احمد نعیمی اور سابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری سمیت دیگر اکابرین نے اس فیصلے کو ملکی ترقی و استحکام کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔
علمائے کرام نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا قیام شیعہ سنی افراد کی مشترکہ اور بے مثال جدوجہد کا نتیجہ ہے، پاکستان کے قیام کے لیے خطے میں بسنے والے ہر فرد نے بلاتخصیص مذہب و مسلک کردار ادا کیا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا تعلق ملت تشیع سے تھا اور ان کی قیادت میں مسلمانان ِبرصغیر اپنے الگ وطن کے حصول کے لیے ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی رہی، آج اس ملک کی حفاظت کے لیے بھی تمام مکاتب ِفکر متحد ہیں، ہم نے مل کر پاکستان بنایا تھا اور مل کر ہی اسے عالمی استعماری سازشوں سے بچائیں گے، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے رابطے کرنے والے علمائے کرام و مشائخ عظام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی ترقی میں آپ سب کا ساتھ اور تعاون ہمارے عزم و استقامت میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب اراکین اسمبلی کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کے فیصلے پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں، مجلس وحدت مسلمین عمران خان کی اپنی جماعت ہے اور وہ اس جماعت کے حوالے سے جو چاہے فیصلہ کر سکتے ہیں اور ہمارے تمام امکانات سے استفادہ کر سکتے ہیں، ہم اسے بلامشروط اور من و عن قبول کریں گے۔ہمارا روز اول سے یہ موقف بھی رہا ہے اور ہم نے اپنے عمل و کردار سے بھی یہ ثابت کیا ہے کہ ہم کسی جماعت پر بوجھ نہیں بنتے بلکہ مشکل وقت میں باوفا دوست بن کر ساتھ نبھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد بنیادی اصولوں کی بنیاد پر ہے جن میں آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری، سرحدوں کے تحفظ، عالمی طاقتوں کی غلامی سے انکار، مسلم ممالک سے برادرانہ تعلقات اور گلگت بلتستان کے لیے آئینی حقوق کا حصول شامل ہے، جو خون کے آخری قطرے تک قائم رہے گا، عمران خان کی قیادت میں پوری قوم مل کر وطن عزیز کو ایک آزاد، خود مختار،باوقار اور امن کا گہوارہ ریاست بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔
وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پارٹی کارکنوں سے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اپیل کی ہے۔ انکی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ مقصودعلی ڈومکی نے موسم بہار کی شجر کاری مہم کے موقع پر مدرسہ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیکب آباد میں پودا لگایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ درخت زمین کا حسن ہیں، جو ماحول کو آلودگی سے محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے عوام اور تنظیمی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں۔
ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ شجر کاری عبادت ہے۔ روایات میں درخت کاشت کرنے والے کے لئے بے پناہ اجر و ثواب کا ذکر ملتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ مسلمان کوئی درخت یا کھیتی لگائے، اس میں سے انسان، جانور یا پرندہ کھائے تو یہ درخت لگانے والے کے لئے صدقہ شمار ہوگا۔ علامہ مقصودعلی ڈومکی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران درخت لگائیں اور اس سلسلے میں محکمہ جنگلات، ضلعی حکومت اور متعلقہ اداروں سے بھرپور تعاون حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت میں درخت بہترین سہارا ہیں، جو گرمی کی شدت میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ ماحول کی خوبصورتی اور پاکیزگی میں اضافے کا باعث ہیں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی نائب صدر علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ دھاندلی سے اسمبلی میں جانے والے جعلی نمائندوں اور ان سے بننے والی جعلی حکومت صوبے اور ملک کی فلاح کے لئے کبھی کام نہیں کرنے والے ہیں۔ پولنگ ڈے پر الیکشن کمیشن کے نااہل عملے کی جانبداری کی وجہ سے قوم کے مینڈیٹ کو چرایا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے رہنماء نے کہا کہ ہم متعدد بار الیکشن کمیشن کے عملے کی نااہلی، جانبداری اور کرپشن پر بات کر چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن قوم کا مینڈیٹ چرانے والوں کی پشت پناہی کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ متنازعہ انتخابات سے اسمبلی میں جانے والے قوم کے نمائندے ہرگز نہیں ہو سکتے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہیں قوم نے مسترد کیا اور متعلقہ آر اوز نے ان کا انتخاب کیا۔ ان جعلی نمائندوں سے بننے والی حکومت عوامی حکومت نہیں ہوگی اور نہ ہی وہ قوم کی فلاح کو مدنظر رکھ کر کام کرے گی۔
علامہ علی حسنین نے کہا کہ نگران وفاقی وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ الیکشن کے روز موبائل سروسز بند نہیں ہونگے، نگران صوبائی وزیر اطلاعات نے بھی بلوچستان کے بعض اضلاع کا نام لیتے ہوئے کہا کہ صرف ان اضلاع میں ہی سروسز معطل رہیں گی۔ اس کے باوجود جان بوجھ کر کمیونیکشن گیپ پیدا کی گئی۔ ہمیں خدشہ ہے کہ یہ سوچھی سمجھی سازش تھی، تاکہ جعلی مینڈیٹ کو جتوا سکیں۔ الیکشن سے قبل بھی 2024 کے انتخابات پر سوالات اٹھ رہے تھے، تاہم پولنگ کے بعد یہ واضح ہو گیا کہ یہ انتخابات نہیں تھے۔ عوام کو حق رائے دہی کا استعمال نہیں کرنے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حلقے پی بی 40 اور پی بی 42 سے ایسے نمائندوں کو جتوایا گیا ہے کہ جنہیں حلقے کے لوگ جانتے بھی نہیں ہیں۔ پی بی 40 کے جعلی نمائندے کے خاندان کے افراد پر غیر ملکی ہونے کے بھی الزامات ہیں، جبکہ پی بی 42 کے جعلی نمائندے پر سرکاری ملازم ہونے کے الزامات ہیں۔ جو ریٹرننگ افسران ہمارے درست کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اٹھا رہے تھے، ان دو جعلی نمائندوں کے معاملے میں اتنے مہربان کیوں ہیں؟ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء نے کہا کہ ہم عام انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتے ہیں۔ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کا عملہ جانبدار اور نااہل تھا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیرافضل مروت سے اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی کاظم میثم کی ملاقات۔شیرافضل مروت کی این اے میں شاندار کامیابی پر مبارکبادی دی۔
انہوں نے کہا کہ حبس اور بدترین فسطایئت میں جس بہادری و جرائت کامظاہرہ کیا وہ انتہائی قابل تحسین ہے۔ آپ نے پورے پاکستان کے جوانوں کی ہمت اور حوصلے کو بلند کیا۔ نیک خواہشات اور حوصلہ افزائی پرشیرافضل مروت نے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ہرممکن جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی حوالے سے جس طرح کی خدمت درکار ہو ہم حاضر ہیں۔ ہمارا منشور عوام کی خدمت کرنا ہے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی کاظم میثم و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی نے مسلم یوتھ یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر سعیدالحسن چشتی، ڈاکٹر منیر احمد ڈین سوشل سائنسیز، ڈاکٹر رازق حسین ایچ او ڈی آئی آر ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر علی عباس اسسٹنٹ پروفیسر واحمد اسامہ طاہر لیکچرار آئی آر ڈیپارٹمنٹ نے ان کا خیرمقدم کیا۔ وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی مجموعی فعالیت اور مستقبل کے حوالے سے جاری تعلیمی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کم وقت میں یونیورسٹی کی غیرمعمولی فعالیت اور قومی سطح پر ادارے کی شہرت اور کنٹریبیوشن پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے گلگت بلتستان کے طلبا کی ذہانت اور اعلی' تعلیم کے لیے موجود لگن اور شوق کو بھی سراہا۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی نے وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبران سے مختلف تعلیمی موضوعات بلخصوص گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کو اعلی' تعلیم کے حصول کے لیے درپیش مسائل سمیت دیگر موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ مسابقت کا ماحول اور معیاری اعلی' تعلیم کی فراہمی بلخصوص تحقیق و تدوین کے حوالے سے یونیورسٹی کی خدمات کو سراہا اور اس عمل کو کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی کا ضامن قرار دیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کے لیے خصوصی سکالرشپ کا اعلان کرتے ہوئے پچیس سے تیس فی صد فیس پر سکالرشپ دینے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلباء و طالبات کو درپیش مسائل کے حل کے لیے یونیورسٹی ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر بلتستان ریجن میں لاء ڈپارٹمنٹ کا کیمپس کھولنے کے لیے ضروری اقدامات مل کر کرنے کے حوالے سے دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس سے قانون سے شغف رکھنے والے طلبا و طالبات قانون کی ڈگری سکردو میں ہی مکمل کر سکیں گے۔ فیکلٹی ممبران نے اپوزیشن لیڈر کے یونیورسٹی سٹوڈنٹس کے ساتھ بھی سیشن کا اہتمام بھی کرایا، جس میں مختلف موضوعات پر سٹوڈنٹس کے ساتھ تبادلہ خیال بھی ہوا۔ وائس چانسلر کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو یادگاری شیلڈ سے بھی نوازا گیا۔