وحدت نیوز(جیکب آباد) جیکب آباد شہر کی سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں کے زیراہتمام شہر کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ عوامی حقوق ریلی سے انجینئر عید محمد ڈومکی، عابد سندھی ،سید غلام شبیر شاہ نقوی، عبدالسمیع سومرو، نذیر حسین دایو ،علامہ حاجی سیف علی ڈومکی، ایڈووکیٹ وحید علی بروہی ،مقدم فدا حسین لاشاری ،منصب علی شیخ ،سید لعل شاہ بخاری ،بابو نجیب زھری ، عمران سولنگی ،حبیب اللہ لاشاری، حبدار علی شیخ اور احسان سہاگ کا خطاب۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ جیکب آباد کے عوام آج بھی پینے کے صاف پانی اور صحت و صفائی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ قبائلی جگھڑوں کے باعث بے گناہ انسان قتل ہو رہے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے رہنما نذیر حسین دایو نے کہا کہ منتخب نمائندے عوامی مسائل حل کریں۔ لوگ غربت اور بے روزگاری سے پریشان ہیں۔وحید علی بروہی نے کہا کہ جیکب آباد شہر کی سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیموں کا الائنس جیکب آباد کے مسائل حل کرنے کے لئے میدان عمل میں موجود ہے۔انجینئر عید محمد ڈومکی نے کہا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث عوام پریشان ہیں۔
وحدت نیوز(کندھ کوٹ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی کا دورہ کندھ کوٹ۔ضلعی سیکرٹری جنرل میر فائق علی جکھرانی کی رہائشگاہ پر سردار حیدر علی جکھرانی سے ملاقات مختلف امور پر تبادلہ خیال ۔
انہوں نے کندھ کوٹ میں سردار احمد علی خان بنگوار سے بھی ملاقات کی۔ اس موقعہ پر ضلعی سیکرٹری جنرل میر فائق علی جکھرانی و دیگر ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ہم اقدار کی سیاست کے امین ہیں انبیائے کرام اور آئمہ اھل البیت ع کی سیاست کا مقصد اقتدار نہیں بلکہ اعلی انسانی اقدار کا تحفظ تھا۔
انہوں نےکہا کہ اھل انسانوں کو نظرانداز کرکے پئسے دھونس اور دھاندلی سے نا اھلوں کا بر سر اقتدار آجانا ہی ہمارے معاشرے کا المیہ ہے۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات سمیت ہر انتخابی مرحلے میں آئین کی دفعہ 61 اور 62 پر عمل در آمد ضروری ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں متناسب نمائندگی کے نظام کو رائج کیا جائے جس میں ووٹ ضائع نہیں ہوتے اور اھل انسان اقتدار تک پہنچتے ہیں۔ وطن عزیز پاکستان کے حالات متناسب نمائندگی کا تقاضا کرتے ہیں۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین اور آل پاکستان پلگرمس ایسوسی ایشن کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے ایم ڈبلیوایم صوبہ سندھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علی حسین نقوی، علامہ صادق جعفری اور علامہ مبشر حسن سمیت دیگر صوبائی رہنماؤں نے کہا کہ ہے کہ کروناوائرس کی آڑ میں ملت تشیع کی کردارکشی کسی صورت برداشت نہیں۔بیماریوں کا تعلق مسلک سے نہیں افراد سے ہے۔ میڈیا کے ذریعے کرونا وائرس کے ہر مریض کو کسی زائر کے کھاتے میں ڈالنا مسلکی تعصب کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔کرونا وائرس کے نام پر زائرین اور قافلہ سالاروں کو ہراساں کرنا نامناسب عمل ہے۔کرونا کے مسئلے پر حکومت کا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ملت تشیع کے لیے اضطراب اور تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی سب سے بڑی تعداد چین میں رپورٹ کی گئی ہے۔چین سے پاکستان کے تجارتی روابط اور افراد کی نقل و حرکت میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آئی۔ اس کے برعکس ایران میں زائرین کی بڑی تعداد کو روک لیا گیا ہے اور زائرین کے خلاف مسلسل پروپیگنڈہ جاری ہے۔ یہ سب کس کی ایما پر ہو رہا ہے بہت جلد منظر عام پر آ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دینا کسی صورت درست نہیں کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب ایران سے واپس آنے والے زائرین ہیں۔ارض پاک میں کسی بھی ایسی سازش کو پنپنے کا موقع نہیں دیا جائے گا جو طبقاتی یا مسلکی تفریق کا باعث ہو۔ انہوں نے کہا کہ وائرس کی رپورٹ کے بعد ایران میں پاکستانی زائرین کی ایک بڑی تعداد پھنسی ہوئی ہے۔ایران میں موجود پاکستانی سفارت خانہ پاکستانی زائرین کی مشکلات کے ازالے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا نہیں کررہا جس سے زائرین کی مشکلات میں بتدریج اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ دیار غیر میں اپنی شہریوں کی مشکلات کا ازالہ کسی بھی سفارت خانے کی ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔
رہنماؤں نے کہاکہ مقامات مقدسہ کی زیارت پر جانے والے پاکستانی شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نکالنے کے لیے حکومت کو ہنگامی سطح پر اقدامات کرنے چاہیے۔ایران عراق جانے والے زائرین کی ویزہ اور بیرون ملک قیام کی اجازت کا دورانیہ انتہائی مختصر ہوتا ہے۔زائرین نے رہائش و طعام کے ذاتی انتظامات بھی قیام کی مدت کو مدنظر رکھ کر کیے ہوتے ہیں۔ زائرین کے قیام میں طوالت ان کے لیے رہائشی و سفری مشکلات اور اشیائے خوردونوش کی عدم دستیابی کی شکل میں سامنے آنا شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ زائرین کی واپسی کے لیے خصوصی پروازوں کا انتظام کیا جائے تاکہ زائرین اور ان کے خاندانوں کو درپیش اضطراب کا خاتمہ ہو۔ جو زائرین زمینی راستے کے ذریعے پاکستان کے سرحدی علاقے تفتان میں داخل ہو رہے ہیں انہیں پاکستان ہاؤس میں غیر ضروری قیام پر مجبور کیا جا رہا ہے جو اپنی شہریوں کے ساتھ بدترین زیادتی اور قابل مذمت ہے۔کروناوائرس کو بنیاد بنا کر زائرین اور ٹورز آپریٹرز کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔حکومتی ادارے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے ادویہ اور دیگر ضروری اشیاء کی وافر مقدار اور مناسب قیمت پر مارکیٹ میں دستیابی کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں خوف وہراس پھیلانے سے گریز کیا جائے۔کانفرنس میں علامہ علی انور جعفری،میر تقی ظفر،ناصر الحسینی سمیت زیارات و ٹور آپریٹرز کے ذمہ داران سید عابد رضوی،عوسجہ رضوی،محسن بادامی،غضنفر رضوی،ذولفقار نقوی،سلمان حیدر،علی اصغر،دانش رضوی سمیت زیارات و ٹور آپریٹرزکی بڑی تعداد موجود تھی۔
وحدت نیوز(علی پور) مجلس وحدت مسلمین کے فلاحی ادارے شعبہ خیرالعمل فائونڈیشن کے زیراہتمام علی پور کے علاقے بستی عظیم شاہ (لتی) میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ''زینب الحورا'' کے نام سے ہسپتال کا افتتاح کر دیا گیا، افتتاحی تقریب میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ سید غلام شبیر بخاری، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، صوبائی رہنماء زعیم زیدی، ضلعی سیکرٹری جنرل علی پور رضوان حیدر کاظمی اور شاکر حسین کاظمی نے شرکت کی۔ افتتاح کے موقع پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے اس پراجیکٹ کو سراہا اور اسے غریب عوام کے لیے ایک نعمت قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ غلام شبیر بخاری کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین ایک فلاحی سسٹم رکھتی ہے، ایم ڈبلیو ایم نے ملک بھر میں اس حوالے فلاحی پراجیکٹس مکمل کیے ہیں، علی پور جیسے پسماندہ علاقے میں نئے ہسپتال کا قیام خوش آئند ہے، اس ہسپتال سے ماہانہ ہزاروں افراد مستفید ہوں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ایک طرف مجلس وحدت مسلمین عوام میں سیاسی شعور بیدار کر رہی ہے تو دوسری جانب مختلف انداز میں عوامی خدمت کا سلسلہ جاری ہے، جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈسپنسریوں کا قیام عوامی فلاح کا ایک منصوبہ ہے، خیرالعمل فائونڈیشن جنوبی پنجاب میں کئی پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے، جس کا مقصد عوام الناس کو سہولیات پہنچانا ہے۔
وحدت نیوز(رحیم یارخان) دور حاضر میں انسان نے مادیت میں بہت ترقی حاصل کر لی ھے اور مادی ضروریات پوری کرنے کی اس دوڑ میں وہ معنویت سے دور ہوتا جارہا ہے اپنی خلقت کے مقصد کو فراموش کر رہا ہے خدا اور عبد کے خوبصورت تعلق کو بھلا بیٹھا ہے ایسے میں اھلبیت علیھم السلام کے ذکر کی محافل منعقد کرنا اور ان کے کردار اور اسوہ کو بیان کرنا اندھیروں اور نا امیدی کی دنیا میں روشنی اور امید کی کرن کی مانند ھے کہ جن کی پیروی کر کے انسان مادیت سے نکل کر معنوی و روحانی سفر کرتا ھے اور اپنے جسم کے ساتھ ساتھ روح کے تکامل کے لیے پرواز کرتا ھے۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین محترمہ فرحانہ گلزیب نے مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین رحیم یار خان کے زیر اہتمام منعقدہ تیسری سیدة النساء العالمین کانفرنس سے کیا کانفرنس میں ضلع رحیم یار خان شعبہ خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر محترمہ فرحانہ گلزیب اور محترمہ کنیز فاطمہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا جس میں جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کہ کردار کی روشنی میں خواتین کے معاشرے میں مثبت کردار اور ذمہ داریوں کے حوالے سے گفتگو کی گئی، کانفرنس میں سیرت زھرا ع کے عنوان سے کوئز مقابلہ بھی رکھا گیا جس میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والی بچیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے کانفرنس کے اختتام پر ضلعی سیکرٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم شعبہ خواتین ضلع رحیم یار خان محترمہ تنویر فاطمہ نے اختتامی کلمات میں تمام شرکاۓ کانفرنس اور مہمانان کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے وفد جس میں محمد الیاس صدیقی، غلام عباس، سعید الحسنین اور شیخ علی اصغر طاہری شامل تھے نے سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان سے ملاقات کی ۔ مجلس وحدت کے رہنماوں کا جوتل اور ہنزہ میں عوامی زمینوں پر ہاتھ ڈالنے کی حکومتی اقدام پر تحفظات کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے عوام کیساتھ ظلم اور نا انصافی کو بند ہونا چاہئے ۔ انہوں نے سنٹرل جیل کے قیدیوں کے فوری علاج کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا اور جیل کے قیدیوں کے خواتین ملاقاتیوں کیلئے الگ دن مقرر کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔
اس موقع پر سیکرٹری داخلہ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان تحفظات کو دور کیا جائیگا اور اس دوران سیکرٹری داخلہ نے آئی جی جیل خانہ جات کو ہدایت کی کہ جیل میں بیمار قیدیوں کے علاج کو یقینی بنایا جائے اور خواتین ملاقاتیوں کیلئے الگ دن مقرر کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں ۔ مجلس وحدت کے نمائندہ وفد نے سیکرٹری داخلہ پر واضح کیا کہ گلگت بلتستان میں خالصہ سرکار نام کی کوئی زمین نہیں اور تمام زمینیں گلگت بلتستان کے عوام کی ملکیت ہیں اور حکومت عوامی زمینوں کے آباد کاری کیلئے لوگوں کو مواقع فراہم کرے نہ کہ آباد کاری کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کریں ۔