وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے سانحہ مستونگ کے حوالے سے ہونے والی کل جماعتی کانفرنس کے اعلامیہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ دہشت گردی کے خلاف سیاسی و عسکری قوتوں کا یکساں ردعمل قومی جذبات کی تائید ہے۔ دشمن طاقتیں ملک میں مذہبی و لسانی بنیادوں پر ایک دوسرے کو دست و گریبان کرکے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ عوام کو دانشمندی اور بصیرت سے ان سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس قوم کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کی سازش کو پروان نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔ یہاں بسنے والے متعدد قبائل اور مختلف قومیں صدیوں سے آباد اور باہم شیر و شکر ہیں، انہیں جدا جدا نہیں کیا جاسکتا۔ آل پارٹیز کانفرنس کا یہ موقف لائق تحسین ہے کہ اکنامک کوریڈور منصوبے کو کسی صورت سبوتاژ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ پاکستان اور چائنا کے تعلقات کی مضبوطی ہمارے ازلی دشمن بھارت کے پیٹ میں مروڑ پیدا کرنا شروع کر دیتی ہے۔ اقتصادی راہدری پر بھارتی ردعمل اسی درد کا نتیجہ ہے۔
علامہ ناصر عباس نے کہا کہ اس منصوبہ کو ملک کی ترقی و خوشحالی کی ضمانت سمجھا جا رہا ہے۔ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کو یہ گوارہ نہیں کہ پاکستان قومی ترقی کے میدان میں انقلابی کامیابیاں حاصل کرے۔ ملک میں جاری دہشت گردی کے واقعات میں بھارت براہ راست ملوث ہے، جس کا مقصد ہمارے امن کو تباہ کرنا ہے، تاکہ ہمیں اقتصادی بدحالی کا سامنا رہے۔ ہماری حکومت کو چاہیے کہ وہ بھارت کے اس جارحانہ رویے کو معمول کا ردعمل خیال کرنے کی بجائے حالات کے حقیقی تناظر میں دیکھے۔ اقوام عالم کو بھی بھارت کے اس انتہا پسندانہ رویہ پر فوری اور سخت ردعمل کا اظہار کرنا چاہیے، جو خطے میں حالات کو سنگینی کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔