وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے سر براہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ جمہو ریت اور ملک کو تباہی سے بچانے کیلئے دھاندلی کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا ہوگا ' جب تک پاکستان میں شفاف انتخابات نہیں ہونگے ملک میں جمہو ریت خطرات سے دوچار رہیگی 'لاہور سمیت پنجاب میں تر قیاتی منصوبوں پر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام کو روزانہ کروڑوں کا ''ٹیکہ ''لگ رہا ہے ۔ ہفتے کے روز علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صوبائی سیکرٹریٹ میں ایک تقریب سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ عام انتخابات میں دنیا کی تاریخ کی بدتر ین دھاندلی ہوئی ہے اور اب جوڈیشل کمیشن کے قیام سے عام انتخابات میں ہونیوالی دھاندلی کے تمام کرداربے نقاب ہو نگے اور انکے خلاف آرٹیکل6کے تحت کاروائی ہونی چاہیے تاکہ آئندہ کسی کو عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ مار نے کی جرات نہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں شفاف انتخابات نہیں ہو تے وہاں جمہوریت ہمیشہ خطرات سے دوچار رہتی ہے اس لیے پاکستان میں جمہو ریت کو مضبوط کر نے کیلئے عام انتخابات کے عمل کو شفاف بنانا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تر قیاتی منصوبوں میں شفافیت نام کی کوئی چیز نہیں بلکہ تر قیاتی منصوبوں میں تاخیر کی وجہ سے پنجاب کے غر یب عوام کو روزانہ کروڑوں روپے کا ٹیکہ لگ رہا ہے جس کے ذ مہ دار پنجاب کے نااہل حکمران ہیں اور انکو عوامی عدالت میں اپنی ان نااہلیوں کا جواب دینا ہو گا ۔