صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیرمحمد زبیر کی علامہ راجہ ناصرعباس سے ملاقات،ملی یکجہتی کونسل کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت

02 مارچ 2017

وحدت نیوز (اسلام آباد) ملی یکجہتی کونسل اور جمیعت علمائے پاکستان (نورانی)کے مرکزی صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابولخیر محمد زبیر نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ خصوصی ملاقات کی اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل ثاقب اکبر نقوی ، ایم ڈبلیوایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی اور سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس نقوی بھی موجود تھے، ملاقات میں دونوں رہنماوں کے درمیان ملکی مجموعی صورت حال سمیت دو طرفہ دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ ابوالخیر نےکہاکہ پاکستان تاریخ کے مشکل ترین دور کا سامنا کررہا ہے ، داخلی وخارجی دشمن پاکستان کے خلاف مل کر صف آراہیں،دہشت گردی اور کرپشن دو ایسے ناسور ہیں جو وطن عزیز کو دیمک کی طرح کھوکھلاکررہے ہیں ،انہوں نے   شیعہ سنی یونٹی کو پاکستان کے استحکام وسلامتی کی بنیاد قرار دیتے ہوئے مشترکات پر اتفاق کرتے ہوئے مشترکہ اجتماعی جدوجہد کی ضروررت پر زور دیا ،صاحبزادہ ابولخیر نے علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو 9مارچ کو اسلام آباد میں منعقدہ ملی یکجہتی کی کونسل کی رکن جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔

 انہوں نےمزید   کہا کہ سانحہ سہیون شریف کے بعد سندھ حکومت کی جانب سے مزارات اور درگاہوں کی بندش ناقابل برداشت اقدام ہے، اصولی طورپر سندھ حکومت کو چاہئے کہ مقدس مقامات کی حفاظت کے موثر انتظامات کرے تاکہ زائرین بلاخوف وخطر زیارت سے فیضیاب ہو سکیں ناکہ درگاہوں اور مزارات کو بند کرکے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا جائے ، انہوں نے سانحہ سہیون شریف کے بعد مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے تحفظ مزارات اولیاءکے عنوان سے شروع کی جانے والی مہم کو سراہااور کہا کہ ایم ڈبلیوایم کی جانب سے تحفظ مزارات اولیاء اللہ کے حوالےسے  جدوجہد بروقت اور قابل ستائش ہے جمیعت علمائے پاکستان اس محاذپر ایم ڈبلیوایم کے شانہ بشانہ ہے۔

علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے   کہا کہ وطن عزیز میں نفرتوں کے خاتمے اور محبتوں کی ترویج کے لئے مکاتب کے درمیان مکالمے اور ملاقاتیں بے حد ضروری ہیں ، ملی یکجہتی کونسل ان مقدس مقاصدکی تکمیل کا بہترین پلیٹ فارم ہے،گوکہ اسے گلی محلے کی سطح تک فروغ دینے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنے کرنے کیلئے تمام محب وطن مکاتب ، مذاہب اور طبقات کو مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے یہ نااہل حکمران ملک وقوم کو بحرانوں سے نکالنے کے بجائے بحرانوں میں دھکیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے  ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ صاحبزادہ ڈاکٹر ابولخیر محمد زبیر اور ثاقب اکبر نقوی کی آمد پر ان کاشکریہ ادا کرتےہوئے آئندہ بھی ایسی ملاقاتیں جاری رکھنے پر زور دیا اور ملی یکجہتی کونسل کے آمدہ سربراہی اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے اعلیٰ سطحی وفدکی شرکت کی یقین دہانی بھی کروائی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree