علامہ تصور جوادی پر حملہ آزاد جموں کشمیر کا امن برباد کرنے کی دشمن کی سوچی سمجھی سازش ہے،علامہ راجہ ناصرعباس جعفری

16 فروری 2017

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم آزاد کشمیر کے سیکرٹری جنرل علامہ تصور جوادی پر مظفرآباد میں قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی کاروائیاں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خطرناک صورت اختیار کرتی جا رہی ہیں۔ ملک دشمن طاقتیں مذہبی ہم آہنگی و رواداری کا پرچار کرنے والی شخصیات کو نشانہ بنا ملک کو تفرقہ بازی کی آگ میں دھکیلنا چاہتی ہیں۔ ان تکفیری گروہوں کا خاتمہ ملکی سلامتی و امن کے قیام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ علامہ تصور جوادی مظفرآباد میں شیعہ سنی وحدت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔ ان پر حملہ دشمن کی ایک سوچی سمجھی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کے محض بلند و بانگ دعووں سے نہیں ہو گا اس کے لیے سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر فیصلہ کن اقدامات کرنے ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پورے ملک میں دہشت گردوں کی بلا روک ٹوک نقل و حرکت حکومت کی ناکارہ پالیسیوں اور امن و امان کے ذمہ داروں اداروں کی مجرمامہ غفلت کا نتیجہ ہے۔ مظفر آباد ملک کا ایک حساس ترین شہر ہے۔ جہاں فوجی چھاؤنی کے علاوہ ملک کی مختلف خفیہ ایجنسیوں کے دفاتر بھی موجود ہیں۔ ملک کے ایسے حساس علاقے میں دہشت گردی کی کارروائی متعلقہ اداروں کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ مظفر آبادکی تاریخ میں دہشت گردی کا پہلا واقعہ مسلم لیگ نون کی حکومت کے دوران پیش آیا، جس سے بہت سارے سوالات اٹھنا شروع ہو گئے ہیں۔ کالعدم مذہبی جماعتوں اور سہولت کاروں کے لیے حکمران جماعت کا نرم گوشہ ملک میں دہشت گردی کا ایک واضح سبب ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر اگر مکمل طور پر عمل کیا جاتا تو آج ملک میں امن و امان کی صورتحال مختلف ہوتی۔ پارہ چنار اور لاہور بم دھماکے کے بعد مظفرآباد میں دہشت گردی کی حالیہ کاروائی کو اگر عالمی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ پاک چائنا اقتصادی راہدری منصوبے کے خلاف بھی یہ ایک بھیانک سازش ہے۔ امریکہ، بھارت اور کچھ خلیجی ریاستیں پاکستان کو مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں اور سی پیک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان کے امن کو خراب کر کے پاکستان کو ایک غیر محفوظ ریاست ثابت کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔ ان ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کا واحد ذریعہ دہشت گرد عناصر اور سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کاروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بیس کیمپ میں دہشت گردوں کی موجودگی مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو سبوتاژکر کے رکھ دے گی۔ مظفر آپاد کی پُرامن فضا کو مکدر بنانے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک میں کالعدم جماعتوں کے خلاف فوری آپریشن کیا جائے۔ فوجی عدالتوں سے جن دہشت گردوں کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں ان پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بھی کاروائی کی جائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree