سانحہ پاراچنار کا مقصد ذمہ داراداروں کو یہ باور کرانا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا اعلان محض لفاظی ہے،علامہ احمد اقبال رضوی

24 جنوری 2017

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا ایک تعزیتی اجلاس مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں سانحہ پارا چنارپر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ہوئے شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا کی گئی۔اجلاس میں مرکزی و صوبائی رہنماؤں سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ پارا چنار بم دھماکے نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کی کامیابی کے حوالے سے قوم کو تذبذب میں مبتلا کر دیا ہے۔پاراچنار جیسے حساس علاقے میں دہشت گردی کا حالیہ واقعہ امن و امان کے ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔دہشت گرد عناصر کی ان کاروائیوں کا مقصد ذمہ دار اداروں کو یہ باور کرانا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا اعلان محض لفاظی ہے۔وہ اپنی ملک دشمن کاروائیاں جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پوری قوم پاک فوج کی پشت پر کھڑی ہے۔وطن عزیز کی سالمیت و بقا ہمیں ہر شے پر مقدم ہے۔دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کی ہر مثبت کوشش کی مکمل طور پر تائید کی جائے گی۔پاک فوج اور قومی مفاد کے خلاف عسکری کاروائیوں میں مصروف کالعدم جماعتیں ہی دہشت گرد نہیں بلکہ ہر وہ قوت دہشت گردکے زمرے میں آتی ہے جو مالی، فکری یا جسمانی طور پر ملک دشمن طاقتوں کی تقویت کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا پارا چنار کے عوام نہ صرف محب وطن ہیں بلکہ ملک و قوم کے نڈر محافظ اور پاکستان کا مضبوط دفاع ہیں۔ ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے ان کا کردار ہمیشہ مخلصانہ رہا ہے۔حکومت کو چاہیے کہ ان کو مکمل طور پر تحفظ فراہم کرے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پارا چنار بم دھماکے کے شہدا کے وارثوں کو معاوضے فراہم کیے جائیں اور زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولتوں میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔اجلاس میں پاک فوج ،ملت تشیع اور دہشت گردی کی بھینٹ چڑھنے والے دیگر شہدا کی بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی اور وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree